Aaj Logo

شائع 23 جولائ 2025 05:46pm

خسارے میں چلنے والے اداروں کی نجکاری معاشی بہتری کیلئے ناگزیر ہے، وزیراعظم

وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ خسارے میں چلنے والے قومی اداروں کی نجکاری ملک کی معیشت کی بہتری اور ترقی کے لیے ناگزیر ہے، جبکہ حکومت کی اولین ترجیح ہے کہ نجکاری کے عمل کو مؤثر، جامع اور شفاف طریقے سے مکمل کیا جائے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت ریاستی ملکیتی اداروں کی نجکاری کی پیش رفت پر جائزہ اجلاس ہوا، اجلاس میں وفاقی وزرا اویس لغاری، احد چیمہ، چیئرمین نجکاری کمیشن محمد علی، وزیرمملکت بلال اظہرکیانی اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ خسارے میں چلنے والے قومی اداروں کی نجکاری ملکی معیشت کی بہتری کے لیے ناگزیر ہے، نجکاری کے عمل کو مؤثر، جامع اور مستعدی سے کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، منتخب اداروں کی نجکاری میں تمام قانونی مراحل اور شفافیت کے تقاضے پورے کیے جائیں، قومی اداروں کی بیش قیمت اراضی پر ناجائز قبضہ کسی صورت قابل قبول نہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ نجکاری کے مراحل میں قومی اداروں کی ملکیت میں بیش قیمت اراضی کی تصفیہ میں ہر ممکن احتیاط ملحوظ خاطر رکھی جائے، مذکورہ اداروں کی مرحلہ وار نجکاری کے اہداف مارکیٹ کے معاشی ماحول کے مطابق مقرر کیے جائیں تاکہ قومی خزانے کو ممکنہ نقصان سے ہر صورت بچایا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نجکاری کے مراحل میں کمیشن کو مکمل خود مختاری دی جائے گی، تمام فیصلوں پر مکمل اور مؤثر اندازمیں عمل درآمد یقینی بنایا جائے، نجکاری کمیشن میں جاری کام کی پیشرفت کی باقاعدگی سے خود نگرانی کروں گا، نجکاری کے مراحل اور اداروں کی تشکیل نو میں پیشہ ورماہرین کی مشاورت اور بین الاقوامی معیار کو برقرار رکھا جائے۔

وزیراعظم شہباز شریف کو 2024 میں نجکاری لسٹ میں شامل اداروں کی نجکاری کی پیشرفت پر بریفنگ دی گئی، بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ نجکاری کمیشن، منتخب اداروں کی مرحلہ وار نجکاری میں قانونی، مالیاتی اور شعبہ جاتی تقاضوں کو مد نظر رکھ رہا ہے، منتخب اداروں کی مرحلہ وار نجکاری کو کابینہ سے منظور شدہ پروگرام کے تحت مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے گا۔

Read Comments