Aaj Logo

شائع 23 جولائ 2025 04:14pm

پاکستان اور بنگلہ دیش کا سفارتی و سرکاری پاسپورٹس کو ویزا فری انٹری کی سہولت دینے کا اصولی فیصلہ

پاکستان اور بنگلہ دیش نے سفارتی اور سرکاری پاسپورٹس پر ویزا فری انٹری کی سہولت دینے کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔ یہ اتفاق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی بنگلہ دیشی ہم منصب لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) جہانگیر عالم چوہدری سے ملاقات کے دوران ہوا۔ دونوں وزراء داخلہ نے انٹرنل سکیورٹی اور پولیس ٹریننگ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی ڈھاکہ میں وزارت داخلہ آمد پر بنگلہ دیشی ہم منصب نے پرتپاک خیرمقدم کیا۔ وزیرداخلہ محسن نقوی کو گارڈ آف آنرز پیش کیا گیا۔

وزیرداخلہ محسن نقوی نے بنگلہ دیش کے وزیرداخلہ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ جہانگیرعالم چوہدری سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سفارتی و سرکاری پاسپورٹس کو ویزا فری انٹری کی سہولت دینے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔

دونوں وزراء داخلہ نے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے اموراورپاک بنگلہ دیش تعلقات پرتبادلہ خیال کیا۔ دونوں وزرائے داخلہ نے انٹرنل سیکیورٹی اور پولیس ٹریننگ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پراتفاق کیا۔

پاک بنگلہ دیش دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کیلئے مشترکہ کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ پاکستان کی طرف سے وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔

بنگلہ دیش کا اعلی سطح کا وفد عنقریب سیف سٹی پراجیکٹ اور نیشنل پولیس اکیڈمی کا دورہ کرنے اسلام آباد آئے گا۔

Read Comments