Aaj Logo

شائع 21 جولائ 2025 01:21pm

صحافی پر حملہ کیس: ملزم ارمغان کا مقدمے کی نقول لینے سے انکار، عدالت برہم

انسداد دہشتگردی کی عدالت (اے ٹی سی) کراچی میں صحافی پر حملے اور مصطفیٰ عامر قتل کیس کی سماعت کے دوران اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ جیل حکام نے گرفتار ملزم ارمغان کو عدالت میں پیش کیا تاہم ملزم نے عدالت کی جانب سے فراہم کی جانے والی مقدمے کی نقول لینے سے انکار کر دیا، جس پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔

عدالت نے ملزم سے استفسار کیا کہ وہ مقدمے کی نقول کیوں نہیں لینا چاہتا؟ جس پر ملزم ارمغان نے جواب دیا کہ ’جب تک میرا وکیل موجود نہیں ہوگا، میں مقدمے کی نقول نہیں لوں گا۔‘ عدالت کے بار بار سمجھانے اور تاکید کے باوجود ملزم نے اپنی ضد برقرار رکھی۔

سماعت کے دوران عدالت اس وقت مزید برہم ہو گئی جب جیل حکام نے عدالتی اجازت کے بغیر ہی ملزم کو واپس لے جانے کی کوشش کی۔ عدالت نے اس معاملے پر جیل سپرنٹنڈنٹ اور دیگر متعلقہ انتظامیہ سے وضاحت طلب کرلی۔ عدالت نے مقدمے کی مزید سماعت ملتوی کر دی ہے۔

یاد رہے کہ پولیس کے مطابق 19 نومبر 2024 کو ملزم ارمغان نے اپنی ویگو گاڑی میں سوار ہو کر صحافی ندیم احمد خان کو روکا، اس سے تلخ کلامی کی اور پھر جان سے مارنے کی نیت سے فائرنگ کی، جس سے صحافی شدید زخمی ہوگیا۔ ارمغان موقع سے فرار ہوگیا تھا، تاہم بعد ازاں اسے گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دوران تفتیش ملزم نے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے اور تسلیم کیا کہ اس نے دانستہ طور پر صحافی پر جان لیوا حملہ کیا۔ پولیس کے مطابق مدعی مقدمہ نے بھی ملزم ارمغان کی شناخت کر لی ہے۔

Read Comments