Aaj Logo

شائع 21 جولائ 2025 08:57am

محسن نقوی اور سراج الدین حقانی کی اہم ملاقات، ٹی ٹی پی اور سرحدی دراندازی سمیت اہم معاملات پر تبادلہ خیال

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے افغانستان کے عبوری وزیر داخلہ سراج الدین حقانی سے کابل میں ایک اہم ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی سیکیورٹی اور انسداد دہشتگردی کے متعدد پہلوؤں پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ملاقات میں خاص طور پر پاکستان میں موجود کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی)، سرحد پار دراندازی اور سرحدی نظم و نسق کے مسائل زیر بحث آئے۔

فریقین نے پاک افغان سرحد کی مؤثر مینجمنٹ، منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام اور دونوں ممالک کے درمیان سرحد پار نقل و حرکت کو منظم بنانے کے طریقہ کار پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کی رضاکارانہ وطن واپسی کے عمل پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی۔

ملاقات کے دوران افغانستان کے سینئر نائب عبوری وزیر داخلہ ابراہیم سردار، پاکستان کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان محمد صادق، وفاقی سیکریٹری داخلہ خرم آغا، اعلیٰ سفارتی حکام اور افغان وزارت داخلہ کے دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔

سفارتی ذرائع کے مطابق ملاقات کا مقصد نہ صرف انسداد دہشت گردی کے لیے مشترکہ حکمت عملی بنانا تھا بلکہ دونوں ممالک کے درمیان پائی جانے والی بداعتمادی کو کم کر کے اعتماد سازی کی فضا پیدا کرنا بھی تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے افغانستان پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکے، بالخصوص ان عناصر کے خلاف کارروائی کرے جو سرحد پار حملوں میں ملوث ہیں۔

یہ ملاقات ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پاک افغان تعلقات حساس موڑ پر ہیں اور سرحدی کشیدگی کے باعث دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ چکی ہے۔

Read Comments