نور مقدم قتل کیس کے مجرم ظاہر جعفر کی رحم کی اپیل پر میڈیکل بورڈ کی تشکیل کا فیصلہ کرلیا گیا، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے میڈیکل بورڈ کی تشکیل کے لیے پمز اسپتال انتظامیہ کو خط لکھ دیا جبکہ پمز حکام نے بھی خط میں بورڈ بنانے کی سفارش کی تصدیق کردی۔
ذرائع کے مطابق نور مقدم قتل کیس میں سزائے موت پانے والے مجرم ظاہر جعفر کی صدر مملکت سے رحم کی اپیل پر میڈیکل بورڈ کی تشکیل کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے میڈیکل بورڈ کی تشکیل کے لیے پمز اسپتال انتظامیہ کو خط لکھ دیا، خط میں ظاہر جعفر کی ذہنی حالت جانچنے کے لیے میڈیکل بورڈ کی تشکیل کی درخواست کی گئی ہے۔
خط میں سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کی جانب سے ماہر نفسیات پر مشتمل بورڈ بنانے کی سفارش کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ظاہر جعفر کی ذہنی کیفیت پر سوالات کے بعد کارروائی کی جا رہی ہے، خط پر سپرنٹنڈنٹ، میڈیکل آفیسر اور ماہر نفسیات کے دستخط موجود ہیں۔
دوسری جانب پمزحکام نے بھی خط میں ماہر نفسیات پر مشتمل بورڈ بنانے کی سفارش کی تصدیق کردی۔