وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان امریکا کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے واشنگٹن ڈی سی میں امریکی حکام سے ملاقاتوں کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ امریکا اس وقت پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے، اور دونوں ممالک کے درمیان حالیہ مہینوں میں جاری تجارتی مذاکرات میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔ تاہم کچھ امور پر بات چیت ابھی باقی ہے، جس کا اعلان بہت جلد دونوں ممالک کی قیادت کی جانب سے متوقع ہے۔
محمد اورنگزیب کی سربراہی میں پاکستانی وفد نے امریکی سیکرٹری کامرس ہاورڈ لٹنک اور امریکی تجارتی نمائندے (یو ایس ٹی آر) جیمیسن گریئر سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں دوطرفہ تجارتی اور معاشی تعاون کو وسعت دینے پر گفتگو ہوئی، جسے دونوں فریقین نے تعمیری قرار دیا۔
وزیر خزانہ نے بتایا کہ بات چیت میں ٹیکنالوجی، آئی ٹی، معدنیات، زراعت اور دیگر روایتی و غیر روایتی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا تاکہ دونوں ملکوں کے درمیان باہمی مفاد پر مبنی تجارتی شراکت مزید مضبوط ہو۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کی قیادت دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہیں، اور اس حوالے سے تمام ممکنہ مواقع کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ملاقات میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ جاری مذاکرات تعمیری انداز میں آگے بڑھیں گے اور اس کے مثبت اثرات دونوں معیشتوں پر پڑیں گے۔
محمد اورنگزیب نے امریکی ہم منصب سے اپنی ملاقات کو مثبت اور اعتماد افزا قرار دیا اور کہا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ امریکا کے ساتھ تجارتی و سرمایہ کاری کے تمام شعبوں میں اشتراکِ عمل بڑھایا جائے۔