Aaj Logo

شائع 18 جولائ 2025 10:18pm

مون سون بارشیں: 24 گھنٹے میں مزید 15 افراد جاں بحق، مجموعی تعداد 193 ہوگئی

پنجاب میں بارش برسانے والا سسٹم کمزور پڑگیا تاہم چکوال سمیت کئی شہروں میں تباہی کے نشان چھوڑ گیا، 24 گھنٹے میں مزید 15 زندگیوں کے چراغ گل ہوگئے، این ڈی ایم اے کے مطابق ملک میں مجموعی ہلاکتیں 193 ہوگئیں جبکہ 20 جولائی سے پنجاب میں ایک بار پھر برسات کا امکان ہے اور سندھ میں کل سے بادل برسیں گے۔

ساون کا سسٹم کمزور پڑگیا، مگر تباہی کے نشان چھوڑ گیا، بارش کے بعد پنجاب کے کئی شہر پانی پانی ہوگئے، سڑکوں کی بندش سے عوام کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

چکوال میں چارسوتئیس ملی میٹربارش نے تباہی پھیردی، کئی دیہات میں خشکی کانام ونشان نہ بچا جبکہ بپھرا ریلا سڑکیں اور پل بہا کرلے گیا۔

رینالہ خورد میں چھت گرنے سے خاتون جاں بحق جبکہ باپ اور 2 بچوں سمیت چارافراد زخمی ہوگئے، بھوآنہ میں بھی ایک شخص جان سے گیا، پتوکی، رائے ونڈ اور منچن آباد میں 14 افرادزخمی ہوگئے۔

دنیا پور، فیروز والا اور حافظ آباد میں کرنٹ نے 3 زندگیوں کے چراغ بجھادیے جبکہ 10 سالہ بچہ سیم نالے میں گر کرجاں بحق ہوگیا۔

منڈی بہاء الدین جیل کی دیوار گرنے سے بارش کا پانی قیدی بیرکوں تک پہنچ گیا، ملکوال ریلوے کالونی میں متعدد کوارٹرز کی دیواریں گرگئیں، دریائے راوی میں پانی کی سطح بلند ہوگئی، ننکانہ صاحب میں 3 دیہات کازمینی رابطہ کٹ گیا۔

جہلم میں پاک فوج اور ریسکیو اداروں نے 498 افراد کو ریسکیو کرلیا، گزشتہ روز سیلابی ریلے میں بہنے والے پولیس اہلکار کی لاش بھی مل گئی۔

این ڈی ایم اے نے 24 گھنٹوں میں مزید 15 اموات کی تصدیق کردی، ملک میں مجموعی ہلاکتیں 193 ہوگئیں جبکہ سب سے زیادہ 114 افراد پنجاب میں جاں بحق ہوئے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب میں مون سون کا نیاسسٹم 20 جولائی سے انٹری دے گا، سندھ میں ہفتے سے گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

راولپنڈی میں 4 افراد برساتی نالوں میں ڈوب گئے، 3 کی لاشیں نکال لی گئیں

راولپنڈی میں گزشتہ روز طوفانی بارشوں نے سیلابی صورتحال پیدا کیے رکھی، شہر کے مختلف علاقوں میں 4 افراد برساتی نالوں میں ڈوب گئے، جن میں سے 3 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں، جس میں 7سالہ بچہ بھی شامل ہے۔

ندی نالوں میں طغیانی کے باعث انتظامیہ نے شہر میں رین ایمرجنسی نافذ کی جبکہ نالہ لئی بھی پانی سے بھر گیا۔ طوفانی بارش سے 20 دیہات کا اڈیالہ روڈ سے رابطہ منقطع ہوگیا، کئی گاڑیاں سیلابی پانی میں بہہ گئیں۔

شہریوں نے انتطامیہ سے اپیل کی ہے کہ موثراقدامات کے ساتھ ساتھ برساتی نالوں کی صفائی یقینی بنائی جائے تاکہ بڑے نقصان سے بچا جا سکے۔

پولیس نے شہریوں کوندی نالوں کے قریب جانے سے منع کردیا، ورنہ خلاف ورزی بھی سخت ایکشن کا سامنا کرنے پڑے گا۔

Read Comments