Aaj Logo

شائع 18 جولائ 2025 06:47pm

محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کردی

محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں 21 سے 25 جولائی کے دوران تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارشوں کی پیشگوئی کردی۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے 21 سے 25 جولائی تک ملک بھر میں تیزہواؤں، گرج چمک اور موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کردی جبکہ طوفانی بارشوں سے لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت کئی علاقوں کے نشیبی علاقے زیرِآب آنے کا امکان ہے۔

موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ مون سون کا نیا سلسلہ ملک بھر کو متاثر کرے گا، مرطوب ہوائیں سندھ اور ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی جبکہ مغربی ہوائیں بھی 21 جولائی سے ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 18 سے 20 جولائی کے دوران سندھ کے بیشتر اضلاع میں بارش چند مقامات پر موسلا دھار بارش متوقع ہے، 19 سے 22 جولائی کے دوران بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے، 21 سے 25 جولائی کے دوران خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں آندھی اور بارش کا امکان ہے۔

اسی طرح 20 سے 25 جولائی کے دوران کشمیر اور گلگت بلتستان کے بیشتر اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ 20 سے 25 جولائی کے دوران اسلام آباد سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آندھی اور بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے 21 سے 25 جولائی کے دوران مری، گلیات، کشمیر، گلگت بلتستان جیسے پہاڑی مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے جبکہ 21 سے 25 جولائی کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی سمیت مری، گلیات اور خیبر پختونخوا کے ندی نالوں میں طغیانی اور پنجاب کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی۔

پی ڈی ایم اے پنجاب نے مون سون بارشوں کے چوتھے اسپیل کا الرٹ جاری کردیا

پی ڈی ایم اے پنجاب نے مون سون بارشوں کے چوتھے اسپیل کا الرٹ جاری کردیا، جس کے مطابق 20 سے 25 جولائی کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں تیز آندھی، گرد آلود ہواؤں اور بارش کی پیشگوئی ہے۔

راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، منڈی بہاوالدین،حافظ آباد گجرات، جہلم، گجرانوالہ میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی ہے جبکہ لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ، نارووال، ٹوبہ ٹیک سنگھ جھنگ سرگودھا اور میانوالی میں بارشوں کے امکانات ہیں۔

اس کے علاوہ 18 جولائی سے 23 جولائی تک جنوبی پنجاب ملتان ڈیرہ غازی خان بہاولپور اور بہاولنگر میں بھی بارش پیشگوئی ہے۔

ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔

محکمہ صحت آبپاشی تعمیر و مواصلات لوکل گورنمنٹ اور لایئو سٹاک کو الرٹ جاری کر دیاگیا ہے جبکہ شہریوں سے التماس ہے کہ خراب موسم کی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کر یں، آندھی و طوفان کی صورتحال میں محفوظ مقامات پر رہیں غیر ضروری سفر سے گریز کریں، شہری آسمانی بجلی سے تحفظ کیلئے محفوظ مقامات پر رہیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق عوام الناس بجلی کی گرج چمک اور طوفانی صورتحال میں کھلے آسمان تلے ہرگز نہ جائیں، ایمرجنسی صورتحال میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔

Read Comments