کراچی میں سانحہ قلات میں شہید افراد کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی، نمازِ جنازہ میں سیاسی، سماجی اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔
گذشتہ دنوں قلات کے قریب مسافر بس پر دہشت گردوں کی فائرنگ کے دوران شہید ہونے والے قوالوں کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی۔ نمازِ جنازہ کے ایم سی گراؤنڈ، پی آئی بی کالونی کراچی میں ادا کی گئی جس میں مختلف سیاسی و سماجی رہنماؤں نے شرکت کی۔
نمازِ جنازہ میں سینئر صوبائی وزیر سعید غنی، میئر کراچی مرتضی وہاب، گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے شرکت کی۔
نمازِ جنازہ میں نہال ہاشمی، تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ اور امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر کے علاوہ دیگر بھی شریک تھے۔ اس موقع پر شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور لواحقین سے اظہارِ یکجہتی کیا گیا۔
واضح رہے کہ قلات میں فتنہ الہندوستان کے آلہ کاروں کی جانب سے مسافر بس پر فائرنگ کے افسوسناک واقعے میں تین قوال شہید ہو گئے تھے۔ جس پر مختلف حلقوں کی جانب سے شدید مذمت کی گئی ہے۔