Aaj Logo

شائع 17 جولائ 2025 10:33am

امریکی صدر ٹرمپ کی اہلیہ ’خفیہ جاسوس‘ قرار، سوشل میڈیا پر نئی ہیرو بن گئیں

دنیا کے سب سے محفوظ مکان، یعنی وائٹ ہاؤس میں ایک نیا خفیہ ایجنٹ سامنے آیا ہے، جو یوکرینی عوام کے دلوں میں بسیرا کر چکا ہے۔ نام ہے ’’ایجنٹ ملانیا ٹرمپینکو‘‘!

جی ہاں، یہ کوئی نیا نیٹ فلکس ڈرامہ نہیں بلکہ ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ انکشافات کے بعد سوشل میڈیا پر برپا ہونے والا طوفان ہے۔ امریکی صدر نے اعتراف کیا ہے کہ انہیں صدر پیوٹن کے فریبی جملوں کی حقیقت اُن کی بیگم ملانیا نے بتائی۔

ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ’میری بات چیت پیوٹن سے ہمیشہ بڑی خوشگوار ہوتی ہے۔ میں گھر آ کر ملانیا سے کہتا ہوں، آج تو بڑی مزے کی گفتگو ہوئی۔ وہ فوراً کہتی ہے: واقعی؟ ابھی ایک اور شہر پر میزائل گرا ہے۔‘

یہ سن کر سوشل میڈیا پر ہنسی کا طوفان آ گیا۔ کسی نے ملانیا کو ’’ایجنٹ ٹرمپینکو‘‘ قرار دیا تو کسی نے اُن کی یوکرینی وردی میں ایڈیٹ کی گئی تصویر پوسٹ کر دی جس میں وہ بڑے خفیہ انداز میں ایک ہیٹ کے نیچے سے جھانک رہی ہیں — بالکل جیسے کسی جاسوسی فلم کی ہیروئن۔

ایک صارف نے لکھا، ’ملانیا کی یوگوسلاویہ والی خفیہ تربیت آخر کام آ گئی!‘

دوسرے نے کہا: ’یہ کوئی اتفاق نہیں کہ وہ ایک سابق سوویت ملک سلووینیا سے ہیں۔ وہ تو خود ایجنٹ کراسنوو کی دلہن نکلی!‘

یوکرینی سوشل میڈیا پر تو جیسے جشن کا سماں ہے۔ ایک میگزین نے یہاں تک کہہ دیا کہ ’ملانیا کی وجہ سے ہی امریکہ نے پیٹریاٹ میزائل سسٹم بھیجنے کا فیصلہ کیا۔‘

مگر ہر کہانی میں ایک غصے بھرا کردار ضرور ہوتا ہے۔ ایک تنقیدی صارف نے لکھا، ’کل تک تو ٹرمپ ”کریملن کا ایجنٹ“ تھا، آج وہ ہیرو بن گیا؟ اور بیگم صاحبہ کو ویشیوانکا (روایتی یوکرینی لباس) پہنا کر مہم چلا رہے ہو؟ شرم کرو، یہ سب یوکرینی پروپیگنڈا ہے!‘

تو اب یہ سوال ہر دماغ میں گونج رہا ہے: کیا واقعی وائٹ ہاؤس میں ایک خفیہ ایجنٹ بیٹھا ہے؟کیا اگلی بار جب ملانیا چائے کا کپ لے کر آئیں گی تو اس میں نیٹو کی میٹنگ کا ایجنڈا چھپا ہو گا؟ کیا نیا کوڈ نیم ”Agent M“ پہلے سے ہی MI6 کی فائلوں میں ہے؟

فی الحال تو سوشل میڈیا ’’ایجنٹ ملانیا ٹرمپینکو‘‘ کے عشق میں گرفتار ہے۔ اگر یہی رفتار رہی، تو اگلی یوکرینی جنگی فلم کی ہیروئن بھی شاید یہی ہوں، ساتھ ہو گا ایک ڈائیلاگ: ”میں صرف ایک فرسٹ لیڈی نہیں، میں یوکرین کی خفیہ ہتھیار ہوں!“

Read Comments