Aaj Logo

شائع 15 جولائ 2025 10:11am

محسن نقوی اور ایرانی صدر کی اہم ملاقات، جنگ میں ”عظیم فتح“ پر مبارکباد

پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی نے تہران میں ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی سلامتی، اور مسلم دنیا کو درپیش چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں وزیرداخلہ نے ایرانی صدر کو حالیہ جنگ میں ”عظیم فتح“ پر مبارکباد پیش کی اور ایران کی مزاحمت کو امت مسلمہ کے لیے باعثِ فخر قرار دیا۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ایران کے سپریم لیڈر، حکومت اور عوام نے دشمن کی جارحیت کے خلاف غیرمعمولی استقامت دکھائی۔ اُنہوں نے کہا کہ ایران کی بہترین حکمت عملی اور عوامی اتحاد نے جنگ میں فیصلہ کن کردار ادا کیا، جو مسلم دنیا کے لیے ایک مثال ہے۔ وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ پاکستان نے ایران پر حملے کی ہر سطح پر شدید مذمت کی ہے اور ہمیشہ اپنے برادر ملک کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔

ملاقات میں محسن نقوی نے وزیراعظم پاکستان کا نیک خواہشات پر مبنی پیغام بھی ایرانی صدر کو پہنچایا۔

ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے پاکستان کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایران اپنے دیرینہ دوست پاکستان کے ساتھ تعلقات کو غیرمعمولی اہمیت دیتا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ جنگ کے دوران پاکستان کی جانب سے اظہارِ یکجہتی کو ایرانی قوم کبھی فراموش نہیں کرے گی۔

صدر مسعود نے خطے میں امن و استحکام کے لیے اسلامی ممالک کے درمیان اتحاد پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ صہیونی حکومت مسلم ممالک کے درمیان تقسیم پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے، جسے ناکام بنانے کے لیے اسلامی دنیا کو مشترکہ اور مضبوط محاذ بنانا ہوگا۔

ایرانی صدر نے پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، سیکیورٹی اور ثقافتی میدانوں میں جامع تعاون کو مزید مضبوط کیا جا سکتا ہے۔

Read Comments