Aaj Logo

شائع 14 جولائ 2025 10:57pm

حکومت اور شوگر مالکان میں معاملات طے، چینی کی ایکس مل کی قیمت 165 روپے کلو مقرر

حکومت اور شوگر مالکان کے درمیان معاملات طے پاگئے، جس کے بعد چینی کی ایکس مل قیمت 165 روپے فی کلو گرام مقرر کردی گئی۔

تفصیلات کے مطابق حکومت اور شوگر مالکان کے درمیان معاملات طے پاگئے ہیں، جس کے تحت عوام کو ریلیف دیا جائے گا۔

وزارت غذائی تحفظ کے اس حوالے سے جاری بیان میں کہا ہے کہ شوگر ملوں کے ساتھ بات چیت کے نتیجے میں اب چینی کی ایکس مل قیمت 165 روپے فی کلو گرام مقرر کردی گئی ہے۔

وزارت غذائی تحفظ نے مزید کہا ہے کہ تمام صوبائی حکومتیں اس فیصلے کی روشنی میں عوام کو سستی چینی کی دستیابی یقینی بنائیں گی۔

واضح رہے کہ 11 جولائی کو ملک میں چینی کی قیمت نے ڈبل سنچری مکمل کرلی تھی، ایک ہفتے میں فی کلو قیمت میں 3 روپے 52 پیسے اضافے کے بعد چینی 200 روپے کلو تک جاپہنچی تھی۔

ادارہ شماریات کے مطابق کراچی، اسلام آباد اور راولپنڈی میں چینی 200 روپے فی کلو تک پہنچ گئی تھی، ایک سال قبل چینی کی اوسط قیمت 145 روپے 88 پیسے فی کلو ریکارڈ کی گئی تھی۔

یاد رہے کہ درآمد کی اجازت کے باوجود چینی کی ایکس مل قیمت پہلےکےمقابلے زیادہ مقرر کی گئی ہے، برآمدکی اجازت کے وقت مقررہ قیمت کے مقابلے ایکس مل قیمت میں 25 روپےکلو کا اضافہ کیا گیا ہے۔

رواں برس مارچ میں حکومتی اعلان کردہ قیمت کے مقابلے ایکس قیمت میں 6 روپے کلو اضافہ کیا گیا ہے، وفاقی حکومت نے گزشتہ سال جون میں چینی کی ایکس مل قیمت 140روپے فی کلو مقرر کی تھی۔

اس سال مارچ میں حکومت نے چینی کی ایکس مل قیمت 159 روپے فی کلو مقرر کی تھی، اب حکومت نے شوگر ملوں کے ساتھ چینی کی ایکس مل قیمت 165 روپے فی کلو مقرر کر دی۔

وفاقی حکومت نے گزشتہ ہفتے 5 لاکھ میٹرک ٹن تک چینی درآمد کرنے کی اجازت دی تھی، حکومت نے پچھلےسا ل جون تا اکتوبر 2024 ساڑھے 7 لاکھ ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت دی تھی۔

اس حوالے سے وزارت غذائی تحفظ کا کہنا تھا کہ قیمتوں میں توازن برقرار رکھنےکےلیےچینی درآمدکا فیصلہ کیا گیا ہے تاہم چینی کی درآمد کی منظوری کے باوجود ذخیرہ اندوزی کے باعث قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری رہا۔

Read Comments