Aaj Logo

شائع 12 جولائ 2025 01:42pm

کراچی: کے ایم سی دفتر میں چوری، نایاب جنگی شیلڈ اور قیمتی اشیاء غائب، سیکیورٹی پر سوالات اٹھ گئے

کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کے ڈی جی پارکس کے دفتر میں چوری کی واردات نے سیکیورٹی انتظامات پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ چور دفتر کی کھڑکی توڑ کر اندر داخل ہوئے اور نایاب جنگی شیلڈ سمیت قیمتی اشیاء لے کر فرار ہوگئے۔

فاطمہ جناح روڈ پر واقع ڈی جی پارکس کے دفتر کو محرم الحرام کی تعطیلات کے باعث 4 جولائی کو بند کیا گیا تھا، جو 7 جولائی کو دوبارہ کھولا گیا۔ واپسی پر دفتر کی پچھلی کھڑکی ٹوٹی ہوئی ملی، جبکہ اندر سے تاریخی اور قیمتی اشیاء غائب پائی گئیں۔

ذرائع کے مطابق چور دفتر سے دوسری اشیاء کے ساتھ جنگِ عظیم کی ایک نایاب شیلڈ، نلکے، ٹوٹیاں اور ڈی وی ڈی پلیئر بھی چرا کر لے گئے۔ دفتر کے عملے نے واقعے کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دی، جس پر آرٹلری میدان تھانے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

چوری کی اس واردات کو نہ صرف غیرمعمولی چوری قرار دیا جا رہا ہے بلکہ ایک تاریخی نقصان بھی سمجھا جا رہا ہے، کیونکہ ڈی جی پارکس آفس سے چوری ہونے والی شیلڈ جنگی تاریخ کی ایک نایاب یادگار سمجھی جاتی تھی۔

اعلیٰ حکام نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے، جبکہ کے ایم سی ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی کے معاملات کا ازسرِنو جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ آئندہ ایسی کسی واردات سے بچا جا سکے۔

Read Comments