Aaj Logo

اپ ڈیٹ 11 جولائ 2025 11:56pm

کراچی لیاری میں ایک اور مخدوش عمارت گرانے کی تیاری، 6 منزلہ عمارت سیل کردی گئی

کراچی کے علاقے لیاری میں ایک مخدوش عمارت کو گرانے کی تیاری کرلی گئی، 6 منزلہ حاجرہ منزل سیل کردی گئی جبکہ عمارت کے مکین رات سڑک پر گزارنے پر مجبور ہیں۔ ان کا کہنا ہے عمارت تیس سال سے زیادہ پرانی ہے لیکن بہت مضبوط ہے، بلاوجہ خالی کرالی گئی ہے۔

سندھ حکومت کا لیاری اور اولڈ سٹی ایریا میں مخدوش عمارتوں کے خلاف آپریشن جاری ہے۔ میٹھادر کے علاقے میں واقع 6 منزلہ حاجرہ منزل کو سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے سیل کردیا گیا۔

ایس بی سی اے کا کہنا ہے پلاٹ نمبر او ٹی/ 14 کی چھ منزلہ عمارت خالی کرالی ہے، عمارت کے مکین رات سڑک پر گزارنے پر مجبور ہیں، ان کی طرف سے غم و غصے کا اظہار کیا جارہا ہے۔

مکینوں کا کہنا ہے رات کے اندھیرے میں ایس بی سی اے کی ٹیم آئی۔ دو گھنٹے بعد ہی عمارت خالی کراکر مکینوں پر سڑک پر لا پھینکا۔ بلاوجہ گھروں کو سیل کیا گیا ہے۔

لیاری میں 5 منزلہ عمارت گرنے سے متعلق مقدمے کی تفصیلات سامنے آگئیں

کراچی کے علاقے لیاری میں مخدوش عمارت کو گرانے کا عمل جاری، ملحقہ عمارت سیل

مکینوں کے مطابق عمارت تیس سال سے زیادہ پرانی ہے لیکن بہت مضبوط ہے۔ عمارت میں چھ پورشن بنے ہوئے ہیں، ہر پورشن کے الگ الگ مالکان ہیں۔

مکینوں نے مطالبہ کیا کہ وزیراعلٰی اور گورنر سندھ نوٹس لیں اور انہیں متبادل رہائش دی جائے۔

لیاری میں عمارت گرنے کی تحقیقات، پولیس ٹیم ایس بی سی اے آفس سے روانہ

دوسری جانب کراچی کے علاقے لیاری میں ہونے والے عمارت کے حادثے کی تحقیقات کے لیے پولیس ٹیم سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے دفتر پہنچی، جہاں مختلف عمارتوں کا ریکارڈ طلب کیا اور مختلف افسران کے بارے میں پوچھ گچھ کی گئی۔

لیاری عمارت گرنے کے واقعے پر پولیس کی جانب سے تحقیقات کی جارہی ہے، اسی سلسلے میں ضلع جنوبی کے ڈی ایس پی، ایس ایچ او پولیس کے ہمراہ ایس بی سی اے کے مرکزی دفتر پہنچے، پولیس ڈائریکٹر ایڈمن سے ملاقات کی اور ضلع جنوبی میں مختلف عمارتوں کا ریکارڈ طلب کیا گیا، جس پر ڈائریکٹر ایڈمن نےیقین دہانی کرائی کہ جو ریکارڈ درکار ہوگا وہ فراہم کیاجا ئے گا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ پولیس کے پہنچنے پر کئی افسران غیر حاضر تھے اس واقعے میں درج ہونے والی ایف آئی آر میں مزید 5 افسران اور مالک مفرور ہے، جن کی گرفتاری کے لیے پولیس کی جانب سے چھاپہ مار کارروائیاں جا ری ہیں۔

بعدازاں مقدمے کی تفتیش کرنے والی بغدادی پولیس ٹیم ایس بی سی اے ہیڈ آفس سے تفتیش کے بعد روانہ ہوگئی، انویسٹی گیشن ٹیم 5 گھنٹے تک ایس بی سی اے ہیڈ آفس میں موجود رہی۔

پولیس ذرائع کے مطابق انویسٹی گیشن ٹیم کی جانب سے ریکارڈ کی چھان بین کی گئی، پولیس ٹیم نے لیاری ٹاؤن میں مختلف ادوار میں تعینات افسران کی پوچھ گچھ کی، متعلقہ ایس بی سی افسران کے سروس ریکارڈ کا جائزہ لیا۔

پولیس نے اس قبل جمعرات کو 9 اہم افسران کو گرفتار کیا تھا، گرفتار ملزمان میں 6 ڈائریکٹرز، دو ڈپٹی ڈائریکٹرز، ایک انسپکٹر کو گرفتار کیا گیا تھا، ان میں گرفتار ریٹائر ڈائریکٹر آصف رضوی کی طبیعت ناساز ہوگئی تھی جس پرپولیس نے گھر منتقل کردیا تھا۔

Read Comments