وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ہمیں بخوبی علم ہے کہ صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کے خلاف گمراہ کن پروپیگنڈہ مہم کے پیچھے کون عناصر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس مہم کا مقصد ریاستی اداروں کے درمیان بداعتمادی پیدا کرنا اور ملک کو عدم استحکام کی طرف دھکیلنا ہے۔
محسن نقوی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ایکس“ پر جاری پیغام میں دوٹوک الفاظ میں کہا کہ صدر مملکت سے استعفیٰ لینے یا آرمی چیف کے صدر بننے کے کسی بھی قسم کے خیال یا تجویز پر نہ تو کوئی بات ہوئی ہے اور نہ ہی ایسا کوئی منصوبہ موجود ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صدر مملکت کا افواج پاکستان کی قیادت سے انتہائی مضبوط اور باعزت تعلق ہے، اور خود صدر زرداری نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ ’مجھے بخوبی معلوم ہے یہ جھوٹ کون پھیلا رہا ہے، کیوں پھیلا رہا ہے اور کس کو اس مہم سے فائدہ پہنچ رہا ہے۔‘
اگر سب کچھ فوج نے کرنا ہے تو سول حکومت کی رٹ کہاں ہے؟ فیصل کریم کنڈی
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی تمام تر توجہ پاکستان کی طاقت، سلامتی اور استحکام پر مرکوز ہے، اور وہ صرف ملکی مفاد میں سوچتے اور عمل کرتے ہیں۔
صدر آصف علی زرداری کے استعفے کی افواہیں بے بنیاد اور جمہوریت کو کمزور کرنے کی سازش ہیں: شیری رحمان
انہوں نے ملک دشمن عناصر کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ’جو لوگ غیر ملکی ایجنسیوں کے ساتھ مل کر اس بیانیے کو پروان چڑھا رہے ہیں، وہ جو چاہیں کرلیں۔ ہم اپنا فرض نبھائیں گے، اور انشاءاللہ پاکستان کو ایک بار پھر مضبوط بنائیں گے۔‘