Aaj Logo

شائع 10 جولائ 2025 09:10am

22 سالوں سے میک اپ نہ ہٹانے کا دعویٰ کرنیوالی خاتون کے چہرے میں عجیب تبدیلی

چین سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے 22 سالوں سے اپنا میک نہیں ہٹایا تھا جس کی وجہ سے ان کے چہرے میں عجیب تبدیلی آگئی ہے۔

آدیٹی سینٹرل کی رپورٹ کے مطابق 37 سالہ خاتون گاو اس وقت سوشل میڈیا پر صارفین کی توجہ کا مرکز بنی جب انہوں نے انکشاف کیا کہ انہوں نے گزشتہ 22 سال کے دوران میک اپ صحیح طریقے سے نہیں ہٹایا، جس کے نتیجے میں ان کے چہرے پر شدید الرجی اور سوجن پیدا ہو گئی۔

گاو نے سوشل میڈیا پر اپنی کہانی شیئر کی تاکہ دوسروں کو میک اپ کے بعد چہرہ باقاعدگی سے صاف کرنے کی اہمیت سے آگاہ کر سکیں۔ ان کے مطابق، انہوں نے 15 سال کی عمر سے میک اپ استعمال کرنا شروع کیا تھا، جب وہ اپنی ماں کی لپ اسٹک سے متاثر ہوئیں۔ لیکن میک اپ ہٹانا انہیں ”بہت جھنجھٹ“ لگا، اور انہوں نے اصول بنایا کہ ”اگر اگلے دن پھر میک اپ لگانا ہے تو اتارنے کی کیا ضرورت ہے؟“ اس لیے وہ صرف پانی سے چہرہ دھوتی تھیں اور اگلے دن مزید میک اپ لگا لیتی تھیں۔

پلکوں میں خشکی: نظر انداز کیا جانے والا مسئلہ، جو آنکھوں کے لیے خطرناک ہو سکتا ہے

اگرچہ برسوں تک انہیں مہاسوں (acne) کا سامنا رہا، لیکن ان کے بقول ان کی اسکن عمومی طور پر بہتر حالت میں رہی، لیکن اس وقت تک کہ رواں سال انہیں ایک سنگین الرجک ردِ عمل کا سامنا نہ ہوا جس نے ان کے چہرے کو اس قدر بگاڑ دیا کہ وہ پہچانی نہیں جا سکیں۔

ماہرِ امراضِ جلد سے رجوع کرنے کے بجائے، گاو ایک میڈیکل ایسٹھیٹک کلینک گئیں، جہاں انہوں نے ”اسکن بوسٹر“ انجکشن لگوایا۔ ان کے مطابق اس علاج نے ان کی حالت کو مزید خراب کر دیا، اور ان کے چہرے پر جامنی رنگت آ گئی۔

کیا لپ اسٹک کا استعمال سب سے پہلے مردوں نے کیا تھا؟

گاو نے ایک وائرل ویڈیو میں بتایا کہ یہ خارش ناقابلِ برداشت ہے، میں ہر دن گھر میں چھپی رہتی ہوں۔ میں باہر جانے کی ہمت نہیں کرتی۔ میرا پورا چہرہ جھریوں سے بھرا اور بدنما ہو چکا ہے۔ میں نہ باہر جا سکتی ہوں، نہ کسی سے مل سکتی ہوں، نہ دوست بنا سکتی ہوں۔ بدترین حالت میں یہ خارش ایسے محسوس ہوتی ہے جیسے ہزاروں چھوٹی چیونٹیاں میرے چہرے پر رینگ رہی ہوں۔

رپورٹ کے مطابق سادہ گھرانے میں پرورش پانے والی گاو نے بعض اوقات سستا فاؤنڈیشن استعمال کیا، جسے وہ اپنی موجودہ حالت کا ممکنہ سبب سمجھتی ہیں۔ تاہم، ماہرین امراضِ جلد اس بات سے متفق نہیں کہ صرف میک اپ یا ناقص صفائی کی عادت اتنے شدید نتائج پیدا کر سکتی ہے۔

بالغوں میں مہاسے اور بڑھتے ہوئے مسائل، آپ کی جلد کیا کہہ رہی ہے؟

ایک ماہر امراض جلد کا کہنا تھا کہ بائیس سال تک چہرہ مناسب طریقے سے صاف نہ کرنا یقیناً نقصان دہ ہے، لیکن جو علامات ہم یہاں دیکھ رہے ہیں وہ زیادہ پیچیدہ ہیں۔ اس میں سخت کیمیکل والے مصنوعات، ممکنہ سٹیرائیڈ کے غلط استعمال، یا بار بار کیے گئے انجیکشن شامل ہو سکتے ہیں۔

گاو کے کیس نے چین کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ویبو (جو کہ ایکس کا چینی متبادل ہے) پر ایک وسیع بحث کو جنم دیا ہے۔ متعدد صارفین حیران ہیں کہ کیا صرف میک اپ صحیح طریقے سے نہ ہٹانے سے ایسا الرجک ردِ عمل پیدا ہو سکتا ہے، یا گاو نے کوئی اور ایسا کام کیا ہے جس سے ان کی جلد کو نقصان پہنچا۔

Read Comments