Aaj Logo

اپ ڈیٹ 08 جولائ 2025 10:02pm

ملک بھر میں موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری، مختلف حادثات میں 13 افراد جاں بحق

ملک بھر میں مون سون کی طوفانی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث پنجاب اور خیبرپختونخوا میں مختلف حادثات میں 13 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہو چکے ہیں۔ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 7 افراد جان سے گئے جبکہ پی ڈی ایم اے کے مطابق 11 افراد زخمی ہوئے۔ خیبرپختونخوا میں 48 گھنٹوں کے دوران 6 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہوئے۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ دو روز میں مزید تیز بارشوں کی پیشگوئی کی ہے، جس سے ندی نالوں میں طغیانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ اربن فلڈنگ کے خطرے کے پیشِ نظر شہری علاقوں میں الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

آج سب سے زیادہ بارش شیخوپورہ میں 52 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، جبکہ لاہور میں مختلف مقامات پر 36 سے 42 ملی میٹر تک بارش ہوئی۔ اسلام آباد، ساہیوال، راولپنڈی، مالم جبہ، بالاکوٹ اور قلات سمیت دیگر شہروں میں بھی شدید برسات دیکھی گئی۔

ایبٹ آباد میں ندی نالے بپھر گئے جبکہ شاہراہ ریشم تالاب کا منظر پیش کرنے لگی۔ لاہور میں چھتیں گرنے کے تین مختلف واقعات میں پانچ افراد زخمی ہو گئے۔ میانوالی میں دریائے سندھ کی سطح بلند ہو رہی ہے اور چشمہ و جناح بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پانی کچے کے کئی علاقوں میں داخل ہو چکا ہے۔

لاہور میں چھت گرنے کے تین مختلف واقعات پیش آئے جن میں ایک خاتون سمیت پانچ افراد زخمی ہوئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ادھر سندھ میں گڈو بیراج پر پانی کی آمد 17 لاکھ کیوسک سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ حیدرآباد کے قریب نیو پھلیلی نہر میں شگاف کے باعث چار دیہات زیرِ آب آ گئے ہیں۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 10 جولائی تک شدید بارشوں کا یہ سلسلہ جاری رہے گا، جس سے پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے ندی نالے بپھر سکتے ہیں۔

عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ موسمی ایڈوائزری پر عمل کریں اور نشیبی علاقوں میں رہنے والے افراد احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

Read Comments