Aaj Logo

شائع 08 جولائ 2025 01:11pm

لاہور ہائیکورٹ: مبینہ جعلی پولیس مقابلوں کی انکوائری کی درخواست پر رجسٹرار آفس کا اعتراض

لاہور ہائیکورٹ میں مبینہ جعلی پولیس مقابلے کی جوڈیشل انکوائری کے لیے دائر درخواست پر رجسٹرار آفس نے اعتراض عائد کرتے ہوئے اسے ناقابلِ سماعت قرار دے دیا ہے۔ رجسٹرار آفس کا مؤقف ہے کہ درخواست گزار متاثرہ فریق نہیں ہے اور نہ ہی اس نے درخواست دائر کرنے سے قبل ریڈریسل کمیٹی سے رجوع کیا۔

شہری محمد ندیم کی جانب سے دائر کردہ اس درخواست میں چیف سیکرٹری پنجاب، انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب اور دیگر متعلقہ حکام کو فریق بنایا گیا تھا۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ مبینہ جعلی پولیس مقابلے آئین، قانون اور عدالتی نظام کے خلاف ہیں اور ان سے شہریوں کے شفاف ٹرائل کے بنیادی آئینی حق کی خلاف ورزی ہوتی ہے۔

درخواست میں کہا گیا کہ روزانہ کی بنیاد پر میڈیا میں پولیس مقابلوں کی خبریں رپورٹ ہو رہی ہیں، جن میں ہر بار ملزمان کی ہلاکت کو ”ساتھی کی فائرنگ“ کا نتیجہ ظاہر کیا جاتا ہے، جو شفاف تحقیقات سے فرار کا حربہ بن چکا ہے۔

درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ آج تک ہونے والے تمام پولیس مقابلوں کا ریکارڈ طلب کیا جائے اور سی سی پی او لاہور کو فوری طور پر پولیس مقابلے روکنے کے احکامات دیے جائیں۔

تاہم رجسٹرار آفس نے اعتراض لگاتے ہوئے درخواست واپس کر دی اور کہا کہ جب تک متاثرہ فریق خود عدالت سے رجوع نہیں کرتا یا ریڈریسل کمیٹی سے رجوع نہ کیا جائے، عدالت براہ راست انکوائری کا حکم نہیں دے سکتی۔

Read Comments