Aaj Logo

شائع 08 جولائ 2025 12:28pm

وفاقی کابینہ کا 5 لاکھ ٹن چینی درآمد کرنے کا حتمی فیصلہ

مہنگائی اور چینی کی ممکنہ قلت کے پیش نظر وفاقی کابینہ نے پانچ لاکھ ٹن چینی درآمد کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔ وزارت غذائی تحفظ کے مطابق چینی کی درآمد حکومتی شعبے کے ذریعے کی جائے گی تاکہ قیمتوں میں توازن برقرار رکھا جا سکے اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

وزارت غذائی تحفظ کا کہنا ہے کہ چینی کی درآمد کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور فوری طور پر اس فیصلے پر عملدرآمد شروع کیا جا رہا ہے۔ وزارت نے واضح کیا کہ یہ اقدام ملک میں چینی کی قیمتوں میں استحکام پیدا کرنے کے لیے اٹھایا جا رہا ہے، تاکہ ماضی کی طرح مصنوعی قلت پیدا نہ ہو سکے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ سابقہ حکومتوں کے دور میں چینی کی قلت کا بہانہ بنا کر قومی خزانے پر بوجھ ڈالنے والی سبسڈی اسکیموں کا سہارا لیا جاتا رہا، جس سے نہ صرف مہنگائی میں اضافہ ہوا بلکہ بدعنوان عناصر کو فائدہ پہنچا۔ تاہم موجودہ حکومت نے اس وقت چینی برآمد کرنے کا فیصلہ کیا تھا جب ملک میں چینی وافر مقدار میں دستیاب تھی۔

اب، وزارت کے مطابق، مارکیٹ میں قیمتوں کو مستحکم رکھنے اور عوامی مفاد کو مقدم رکھنے کے لیے چینی کی درآمد ناگزیر ہو چکی ہے۔ واضح رہے کہ ملک میں حالیہ دنوں میں چینی کی قیمتوں میں بتدریج اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس پر قابو پانے کے لیے حکومت نے یہ فیصلہ کیا ہے۔

Read Comments