گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعظم شہباز شریف کو دریائے سوات میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے کے حوالے سے بریفنگ دی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی ملاقات وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ہوئی، جس میں مجموعی ملکی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیر اعظم نے دریائے سوات میں پیش آنے والے اف سوسناک حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور متعلقہ اداروں کو اس قسم کے واقعات کے تدارک اور روک تھام کے لئے اپنی استعداد بڑھانے کی ہدایت کی۔
دوسری جانب، وزیراعظم محمد شہباز شریف سے عوامی نیشنل پارٹی کے صدر ایمل ولی خان نے ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی و سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ ، وفاقی وزیر برائے پبلک افیئرز یونٹ رانا مبشر اقبال ، وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناءاللہ ، وزیر مملکت برائے پاور ڈویژن عبدالرحمان کانجو اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور طلحہ برکی بھی موجود تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی سفیرکی ملاقات
وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے ملاقات کی، ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار و دیگر وزراء بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے حرمین شریفین کے متولی شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا، وزیر اعظم نے مشرق وسطیٰ میں امن کے لیے سعودی عرب کی کوششوں کے ساتھ پاک بھارت جنگ میں مفاہمت کےلیے اہم کردار کی تعریف کی۔
وزیراعظم نے بتایا کہ پاکستان نے جولائی کے مہینے کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھال لی ہے، سعودی سفیر نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔