Aaj Logo

شائع 02 جولائ 2025 11:25am

ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیشگوئی، اسلام آباد میں مطلع ابرآلود

محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے، جبکہ کئی علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔

اسلام آباد میں مطلع ابرآلود ہے اور آج بادل برسنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ پنجاب بھر میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، تاہم مری، گلیات، راولپنڈی، جہلم اور اٹک میں بارش کا امکان ہے۔

خیبرپختونخوا میں مطلع جزوی ابرآلود رہے گا جبکہ دیر، سوات، مالاکنڈ، باجوڑ اور شانگلہ میں بارش کی توقع ہے۔

سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم موسی خیل، خضدار، ژوب اور قلات میں کہیں کہیں بارش ہو سکتی ہے۔

ادھر کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی مطلع ابرآلود رہنے کے ساتھ ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے متعلقہ اداروں اور عوام کو ہدایت کی ہے کہ بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خاص طور پر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ موجود ہے۔

Read Comments