Aaj Logo

اپ ڈیٹ 01 جولائ 2025 11:22pm

امریکی سینیٹ نے ٹرمپ کا مجوزہ ٹیکس اور اخراجات کا بل منظور کر لیا

ایلون مسک کی تنقید اور مخالفت کام نہ آئی، امریکی سینیٹ نے ٹرمپ کا ’بڑا خوبصورت بل‘ بمشکل منظور کرلیا۔ سینیٹ میں بل کی حمایت اور مخالفت میں پچاس، پچاس ووٹ پڑے تو نائب صدر جے ڈی وینس کے فیصلہ کن ووٹ سے بل پاس کروایا گیا۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے سینیٹ میں اپنے ٹیکس اور اخراجات کے بل کی منظوری کو خوش آئند قرار دیا۔

امریکی سینیٹ نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مجوزہ ٹیکس اور اخراجات کا بل کو معمولی فرق سے منظور کرلیا۔ بل کے حق اور مخالفت میں 50، 50 ووٹ پڑے، جس کے بعد نائب صدر جے ڈی وینس نے فیصلہ کن ووٹ دے کر بل منظور کرایا۔

بل میں 2017 کے ٹیکس میں دی گئی چھوٹ کو مستقل کرنے، میڈیکیڈ اور فوڈ اسٹیمپ جیسے سماجی پروگراموں میں کٹوتی، جبکہ دفاعی اور سرحدی سیکیورٹی بجٹ میں اضافہ شامل ہے۔

اس قانون کے تحت وفاقی اخراجات میں کھربوں ڈالر کی کمی اور قرض کی حد میں پانچ کھرب ڈالر تک اضافہ متوقع ہے۔

بل کو تین ریپبلکن ارکان نے مسترد کیا، جبکہ تمام ڈیموکریٹس نے بھی مخالفت کی۔ اب یہ بل ایوانِ نمائندگان میں پیش ہوگا، جہاں اس کی منظوری مزید مشکلات سے دوچار ہو سکتی ہے۔

امریکی اخبار کے مطابق فلوریڈا کے متنازع نئے مائیگرینٹ ڈیٹینشن سینٹر میں ایک گول میز کانفرنس کے دوران ایک رپورٹر نے یہ خبر صدر کو سنائی تو اس پر انہوں نے جواب دیا ”واہ، میرے کانوں کے لیے موسیقی ہے۔“

صدر ٹرمپ نے مزید کہا، ”میں بھی سوچ رہا تھا کہ ہمارا کیا حال ہے، کیونکہ مجھے معلوم ہے یہ پرائم ٹائم ہے، یہ ظاہر کرتا ہے کہ مجھے آپ کی پرواہ ہے۔“

ادھر ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے مالک ایلون مسک نے بل پر شدید تنقید کرتے ہوئے اسے ”تباہ کن“ اور ”غیر ذمہ دارانہ“ قرار دیا تھا اور خبردار کیا کہ یہ امریکی معیشت اور عوام پر منفی اثر ڈالے گا۔

Read Comments