Aaj Logo

اپ ڈیٹ 28 جون 2025 09:13pm

بھارت معرکہ حق کبھی بھلا نہیں سکے گا، دوبارہ حملہ کیا تو بغیر جھجھک کے جواب دیا جائے گا، فیلڈ مارشل

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ پاکستان ہر حال میں قومی مفادات اور خودمختاری کا دفاع کرے گا، دشمن نے ہماری خود مختاری چیلنج کی تو نتائج کا خود ذمہ دار ہوگا، بحریہ کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب میں انھوں نے کہا ہمارے دشمن کا رویہ متکبرانہ اور جارحانہ ہے، بھارت نے کشمیر پر ناجائز قبضہ کر رکھا ہے۔ پاکستان نے علاقائی استحکام کے لیے ذمہ دارانہ کردار ادا کیا۔

پاک فوج کے شعبہ برائے تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پی این ایس راہبر میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دوست ملکوں کے کیڈٹس کو مبارک باد دیتے ہیں، شاندار پاسنگ آؤٹ پرئڈ کا معانہ کرنا اعزاز ہے، پریڈ میں کیڈٹس کا مثالی ٹرن آؤٹ اور پرجوش انداز نیول اکیڈیمی کے اعلٰی معیار کا مظہر ہے۔ ایوارڈ جیتنے والے کیڈٹس اپنی شاندار کامیابیوں پر خصوصی تعریف کے مستحق ہیں۔

فیلڈ مارشل نے خطاب میں کہا کہ دوست ممالک ترکی، بحرین، عراق، فلسطین اورجبوتی کے کیڈٹس کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، آپ پاک بحریہ کا حصہ بننے جا رہے ہیں، جس کی پہچان اعلی عسکری اخلاقیات اور بے مثال پیشہ ورانہ روایات ہیں۔

انھوں نے خطاب میں کہا کہ اپنی آپریشنل صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے کی کوششیں جاری رکھیں، بحری جنگ کا میدان تیزی سے تبدیل ہو رہا ہے، ہمیں اس سے ہم آہنگ ہونا ہوگا، پاکستان کے لیے مضبوط اور مؤثر میری ٹائم فورس برقرار رکھنا ناگزیر ہے ہو چکا ہے۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کے خلاف کھلی جارحیت دکھائی، پاکستان نے بھارت کو بھرپور جواب دیا، بھارتی اشتعال انگیزی کے جواب میں ہم نے بردباری کا مظاہرہ کیا، ہر قیمت پر اپنے ملک کے دفاع کیلئے تیار ہیں۔

انھوں نے اپنے خطاب میں یہ بھی کہا کہ بھارت اپنی فوجی طاقت، قوم پرستی، جعلی اسٹریٹجک اہمیت سے سیاسی فوائد حاصل کرنا چاہتا ہے۔ ہمارا دشمن متکبرانہ اور جارحانہ رویے کا مسلسل مظاہرہ کر رہا ہے۔ بھارت نے دوبارہ پاکستان پر بلاجواز حملیے کیے، دونوں بار بھرپور اور مؤثر جواب سے خطے کو بڑے تنازع سے بچا لیا گیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان نے صبر وتحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے امن کو ترجیح دی۔ دشمن اگر سمجھتا ہے کہ ملکی خودمختاری پر حملے کو برداشت کریں گے تو یہ خطرناک غلط فہمی ہوگی، ہم اپنی قومی طاقت میں مسلسل اضافہ کر رہے ہیں۔ دشمن یہ سمجھے کہ پاکستان کمزور ہے یا جواب نہیں دے گا تو وہ سخت غلطی پر ہے۔

انھوں نے کہا کہ دشمن ہماری خود مختاری کو چیلنج کرتا ہے تو اس کے نتائج کی ذمے داری اسی پر ہوگی۔ پاکستان ہر حال میں اپنی خودمختاری اور قومی مفادات کا دفاع کرے گا، ہمارا قومی جذبہ آزمائشوں کے دوران اور بھی مضبوط ہوا ہے۔ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی کے قریب ہے، بھارت جان بوجھ کر خطے میں کشیدگی پیدا کر رہا ہے۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں مکمل کامیابی حاصل کریں گے۔

فیلڈ مارشل نے مزید کہا کہ کشمیری بہن، بھائی بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خلاف جدوجہد کر ر ہے ہیں۔ پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کا حامی ہے۔ بھارت جس جدو جہد کو دہشتگردی کہتا ہے وہ دراصل جائز اور قانونی آزادی کی جدو جہد ہے۔ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حال ناگزیر ہے۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے حقِ خوداردیت کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ آزادی کی جدو جہد میں مصروف بہادر کشمیریوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ بھارت کی ظالم حکومت کشمیروں کی ہمت اور حوصلے کو کبھی پست نہیں کر سکتی۔ پاکستان ہمیشہ کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کرتا رہے گا۔

فیلڈ مارشل نے پی این ایس راہبر میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب میں یہ بھی کہا کہ پاکستان ایک روشن مستقبل کی جانب گامزن ہے۔ دشمن مسلسل ہماری ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں، رکاوٹوں کے باوجود ملکی ترقی کا سفر جاری ہے۔

قبل ازیں اپنے خطبہ استقبالیہ میں کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی کموڈور تصور اقبال نے اکیڈمی میں کیڈٹس کی تعلیمی اور پیشہ وارانہ تربیت کے نمایاں خدوخال پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے مضبوط ایمان و کرداراور مادرِ وطن کے لیے غیر متزلزل لگن کے حامل افسران تیار کرنے پر نیول اکیڈمی کے کردار کو سراہا۔

بعدازاں، مہمانِ خصوصی نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کیڈٹس میں انعامات تقسیم کیے۔ مڈشپ مین عبدالرحمان کو مجموعی طور پر بہترین کارکردگی پر اعزازی شمشیر کا حقدار قرار دیا گیا، جبکہ مڈشپ مین شایانِ حشمت نے اکیڈمی ڈرک حاصل کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آفیسر کیڈٹ محمد عزیر عباس کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی گولڈ میڈل، جبکہ ایس ایس سی کورس کے آفیسر کیڈٹ چوہدری محمد اعزاز طاہر کو کمانڈنٹ گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔ پروفیشنسی بینر کوارٹر ڈیک اسکواڈرن کے نام رہا۔ تقریب میں غیر ملکی مندوبین، سرکاری حکام، پاک بحریہ اور دیگر دفاعی افواج کے افسران اور کمیشننگ آفیسرز کے اہل خانہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

واضح رہے کہ پاکستان نیول اکیڈمی کراچی میں شاندار بحری روایات کی عکاسی کرتی 123ویں مڈشپ مین اور 31ویں شارٹ سروس کمیشن کورس کی کمیشننگ پریڈ منعقد کی گئی۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس موقع پر بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ نیول اکیڈمی آمد پر چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے مہمان خصوصی کا استقبال کیا۔

Read Comments