ایرانی وزیر خارجہ کی جانب سے امریکی صدر ٹرمپ کے ایران سے آئندہ ہفتے مذاکرات کے دعوے کی تردید کردی گئی۔
ایران کے سرکاری ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ٹرمپ کے آئندہ ہفتے ایران سے مذاکرات کے دعوے کو مسترد کردیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ نئے مذاکرات شروع کرنے کے لیے کوئی معاہدہ، انتظام یا گفتگو نہیں ہوئی، مذاکرات شروع کرنے کے لیے کوئی منصوبہ طے نہیں ہوا۔
خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آئندہ ہفتے ایران اور اعلیٰ امریکی حکام کے درمیان براہ راست مذاکرات کی تصدیق کی تھی۔
ٹرمپ نے اس اعلان کے ساتھ دعویٰ کیا تھا کہ ایرانی جوہری تنصیبات پر حالیہ امریکی حملہ ”انتہائی کامیاب“ رہا اور اس کے نتیجے میں ایران کا ایٹمی پروگرام کئی برس پیچھے چلا گیا ہے۔
امریکہ کی جانب سے ایران کو اقتصادی پابندیاں ختم کرنے کی پیشکش کا امکان
صدر ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ چاہے ایران کے ساتھ نیا معاہدہ ہو یا نہ ہو، اہم بات یہ ہے کہ ہم نے ایرانی ایٹمی صلاحیت کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکی کارروائی نے تہران کے جوہری پروگرام کو کئی سال پیچھے دھکیل دیا ہے اور ایران اب فوری طور پر جوہری بم بنانے کی پوزیشن میں نہیں رہا۔