برطانوی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اوراسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو غزہ جنگ ختم کرنے پر متفق ہو گئے، ٹرمپ اورنیتن یاہو کے درمیان ایران پر امریکی حملے کے بعد ٹیلیفونک رابطہ ہوا.
برطانوی اخبار کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے غزہ میں جاری جنگ کو دو ہفتوں کے اندر ختم کرنے پر اتفاق کر لیا ہے۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ غزہ میں حماس کی حکومت کے خاتمے کے بعد متحدہ عرب امارات، مصر اور دو دیگر عرب ممالک مشترکہ طور پر غزہ کا نظم و نسق سنبھالیں گے جبکہ حماس کی قیادت کو جلا وطن کر دیا جائے گا اور تمام یرغمالیوں کی رہائی عمل میں آئے گی۔
برطانوی اخبار کے مطابق یہ فیصلہ حالیہ امریکی حملے کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان ٹیلیفونک رابطے میں کیا گیا، جس کی تفصیلات اسرائیلی اخبار ”اسرائیل حیوم“ نے شائع کی ہیں۔
ٹائمز آف اسرائیل نے لکھا ہے کہ سعودی عرب اور شام اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کریں گے، دیگر عرب اور مسلمان ملک بھی ایسا ہی کریں گے۔ سعودی عرب شام کے سفارتی تعلقات کے جواب میں اسرائیل دو ریاستی حل کی حمایت کرے گا، دو ریاستی حل کی اسرائیلی حمایت کے لیے فلسطینی اتھارٹی کی اصلاحات کی شرط رکھی گئی ہے۔
اسرائیلی اخبار کا یہ بھی کہنا ہے کہ امریکا کی جانب سے مغربی کنارے کے کچھ حصوں پر اسرائیلی خودمختاری کو تسلیم کیا جائے گا۔
اخبار کے مطابق، ٹیلیفون کال میں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اور اسرائیلی وزیر اسٹریٹجک امور رون ڈرمر بھی شریک تھے۔