Aaj Logo

اپ ڈیٹ 26 جون 2025 11:31am

خیبرپختونخوا پولیس کے لیے اینٹی ڈرون ٹیکنالوجی حاصل کرنے کی تیاری

خیبرپختونخوا پولیس نے دہشتگردوں کی جانب سے ڈرون ٹیکنالوجی کے استعمال کے بعد اینٹی ڈرون سسٹم حاصل کرنے کے لیے اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ اس بات کی تصدیق خیبرپختونخوا پولیس کے ڈائریکٹر میڈیا اینڈ پی آر کوکب فاروق نے آج نیوز سے گفتگو کے دوران کی۔

کوکب فاروق کا کہنا تھا کہ صوبائی پولیس کو تھرمل گنز سمیت دیگر جدید ہتھیاروں کے بعد اب اینٹی ڈرون سسٹمز کی اشد ضرورت ہے جو دہشتگردی کے نئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ناگزیر ہیں۔

ڈائریکٹر پی آر کے مطابق اینٹی ڈرون ٹیکنالوجی کا بیشتر استعمال خیبرپختونخوا کے قبائلی اضلاع میں کیا جائے گا، جہاں دہشتگردوں کی جانب سے ڈرونز کے ممکنہ استعمال کا خدشہ موجود ہے۔

کوکب فاروق نے کہا کہ اینٹی ڈرون سسٹمز ان علاقوں میں سیکیورٹی اہلکاروں کو بہتر دفاعی صلاحیت فراہم کریں گے جہاں خطرات مسلسل بڑھ رہے ہیں۔

انسپکٹر جنرل پولیس ذوالفقار حمید کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ تھرمل ڈرونز کے ذریعے رات کے وقت ہونے والے آپریشنز میں بہتر نگرانی اور ہدف کی نشاندہی ممکن ہو گی۔

آئی جی کے مطابق ضم شدہ قبائلی علاقوں اور جنوبی اضلاع میں دہشتگردوں کی جانب سے ڈرون ٹیکنالوجی کے استعمال کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پوری دنیا میں ڈرونز کا استعمال بڑھ رہا ہے۔

ذوالفقار حمید نے کہا کہ پولیس کو صوبے کے تمام اضلاع میں مانیٹرنگ کے لیے ڈرونز کی ضرورت ہے۔ خاص طور پر رات کے اوقات میں تھرمل سینسنگ کی صلاحیت رکھنے والے ڈرونز دہشتگردوں کی حرکات پر نظر رکھنے اور فوری ردعمل کے لیے ضروری ہیں۔

آئی جی خیبرپختونخوا نے بتایا کہ ڈرونز کی خریداری کے عمل پر تیزی سے کام جاری ہے اور جلد اس کمی کو پورا کیا جائے گا۔

Read Comments