Aaj Logo

اپ ڈیٹ 21 جون 2025 09:27am

ملک بھر میں پری مون سون سیزن کا آغاز، گرمی کی شدت میں کمی کا امکان

ملک بھر میں پری مون سون سیزن کا باضابطہ آغاز ہو گیا ہے جس کے بعد شدید گرمی سے پریشان عوام کو ریلیف ملنے کی امید ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پری مون سون بارشوں کا سلسلہ 23 جون تک جاری رہنے کا امکان ہے، جو ملک کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بارشیں متوقع ہیں، جہاں کہیں ہلکی اور کہیں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہو سکتی ہے۔

لاہور،گوجرانوالہ، فیصل آباد، سیالکوٹ، راولپنڈی میں بارش متوقع ہے جبکہ ملتان، بہاولپور اور ڈی جی خان میں آندھی یا جھکڑ چلنے کا بھی امکان ہے۔

کراچی میں بادلوں کے ڈیرے ، مختلف علاقوں میں رم جھم، موسم خوشگوار

خیبرپختونخوا کے علاقوں پشاور، مردان، ایبٹ آباد اور بنوں میں آندھی اور بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

ادھر سندھ کے مختلف علاقوں میں بھی آج سے بارشوں کا سلسلہ شروع ہو گا جبکہ بلوچستان کے جنوبی و مشرقی اضلاع میں گرد آلود ہوائیں بھی چلیں گی۔

ماہرین موسمیات کے مطابق ان بارشوں سے درجہ حرارت میں کمی آئے گی اور گرمی کی شدت میں واضح کمی محسوس کی جائے گی۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ممکنہ اربن فلڈنگ کے خطرے کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے کسانوں کو بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنی زرعی سرگرمیوں کو موسم کی صورتِ حال کے مطابق ترتیب دیں۔

Read Comments