Aaj Logo

شائع 20 جون 2025 02:36pm

ہری پور یونیورسٹی میں بجلی کی بندش پر طلباء سراپا احتجاج، امتحان منسوخ

ہری پور یونیورسٹی میں بجلی کی عدم بحالی اور گزشتہ شب پیش آنے والے حادثے کے خلاف طلباء کا شدید احتجاج سامنے آیا۔ مشتعل طلباء نے جامعہ کے مرکزی دروازے کے سامنے رکاوٹیں کھڑی کر کے داخلی راستہ مکمل طور پر بند کر دیا، جس کے باعث یونیورسٹی میں آج ہونے والا امتحان منسوخ کر دیا گیا۔

طلباء کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات بجلی کی بندش کے دوران ایک گاڑی نے چار طلباء کو ٹکر مار کر زخمی کیا، لیکن ڈرائیور اب تک گرفتار نہیں کیا گیا۔ مظاہرین نے اعلان کیا ہے کہ جب تک بجلی بحال نہیں ہوتی اور ڈرائیور کو گرفتار نہیں کیا جاتا، احتجاج جاری رہے گا۔

احتجاج کے دوران طلباء نے داخلی راستہ بند کرتے ہوئے سڑک پر دھرنا دے دیا، جس کے نتیجے میں یونیورسٹی روڈ مکمل بلاک ہو گئی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ طلباء کا کہنا تھا کہ وہ کئی دنوں سے بجلی کے مسئلے کا سامنا کر رہے ہیں، مگر انتظامیہ کی جانب سے کوئی سنجیدہ اقدام نہیں اٹھایا گیا۔

یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق منسوخ ہونے والے پرچے کا نیا شیڈول بعد میں جاری کیا جائے گا۔

Read Comments