Aaj Logo

شائع 20 جون 2025 12:39pm

ٹیلی ویژن کی معروف اداکارہ عائشہ خان انتقال کر گئیں

سینئر اداکارہ عائشہ خان کراچی میں انتقال کر گئیں۔ وہ گلشن اقبال کے ایک فلیٹ میں تنہا مقیم تھیں۔

پولیس کے مطابق 83 سالہ عائشہ خان کسی بیماری میں مبتلا تھیں اور ان کی موت بظاہر طبعی معلوم ہوتی ہے تاہم حقیقی وجہ جاننے کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔ لاش کو ابتدائی طور پر جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں قانونی کارروائی کے بعد اسے ایدھی سرد خانے منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے اہم شواہد اکٹھے کیے جا چکے ہیں جبکہ اداکارہ کے کزنز اور پڑوسیوں کے بیانات بھی قلمبند کیے جا رہے ہیں۔

عائشہ خان پاکستان کی مایہ ناز اداکارہ خالدہ ریاست کی بڑی بہن تھیں اور خود بھی متعدد ڈراموں میں یادگار کرداروں سے شہرت حاصل کر چکی تھیں۔ ان کی موت پر فنکار برادری اور پرستاروں میں گہرے دکھ کی لہر دوڑ گئی ہے۔

مرحومہ کی آخری رسومات سے متعلق اہل خانہ کی جانب سے اعلان جلد متوقع ہے۔ شوبز سے وابستہ شخصیات اور مداحوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر تعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔

Read Comments