Aaj Logo

شائع 18 جون 2025 08:58am

ملک کے مختلف علاقوں میں موسم جزوی ابر آلود اور بارش کا امکان

محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں کے لیے موسم کی تازہ صورتحال جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا جبکہ چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔ شام اور رات کے اوقات میں چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ، شانگلہ اور ایبٹ آباد میں بارش متوقع ہے۔

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم رہے گا، تاہم مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم اور راولپنڈی سمیت گردونواح میں ہلکی بارش کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔

سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، جبکہ بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ کوئٹہ، خضدار، لسبیلہ اور گردونواح میں ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے چند مقامات پر بھی ہلکی بارش کی توقع ہے۔

ملک کے میدانی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں آ گئے، محکمہ موسمیات نے21 جون تک گرمی کی لہر برقرار رہنے کا الرٹ جاری کر دیا۔ درجہ حرارت میں اضافے کے پیش نظر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Read Comments