Aaj Logo

اپ ڈیٹ 17 جون 2025 10:44am

ملک بھر میں کہیں بارش تو کہیں جھلسا دینے والی گرمی کا راج

محکمہ موسمیات نے اسلام آباد، خیبرپختونخوا، پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت کئی علاقوں میں بارش جبکہ سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں شدید گرمی اور گردآلود ہواؤں کی پیش گوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور خیبرپختونخوا میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا جبکہ چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ، شانگلہ اور بٹگرام میں بارش کی توقع ہے۔ گلگت بلتستان، کشمیر، ناران اور کاغان میں بھی بادل برسنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

پنجاب کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور جزوی ابر آلود رہے گا، تاہم مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال اور جہلم میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے شدید گرمی کی لہر جاری رہنے کا عندیہ بھی دیا ہے۔ بہاولپور، رحیم یار خان، بہاولنگر، ہارون آباد، فورٹ عباس، سکھر، نوابشاہ، سبی، جیکب آباد اور حیدرآباد سمیت کئی علاقوں میں درجہ حرارت 48 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ سندھ اور بلوچستان میں موسم شدید گرم اور مرطوب رہے گا۔

ماہرین صحت نے شہریوں کو شدید گرمی، حبس اور گردآلود ہواؤں سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، خاص طور پر بزرگوں، بچوں اور مریضوں کو دن کے اوقات میں غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے پرہیز کا مشورہ دیا گیا ہے۔

Read Comments