Aaj Logo

اپ ڈیٹ 13 جون 2025 03:42pm

سندھ کا 3300 ارب کا سالانہ بجٹ آج پیش ہوگا، ترقیاتی اخراجات 1018 ارب تک متوقع

سندھ حکومت مالی سال 26-2025 کا 3300 ارب روپے کا بجٹ آج سہ پہر سندھ اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بجٹ پیش کریں گے، جس میں ترقیاتی اخراجات کا تخمینہ 1018 ارب روپے لگایا گیا ہے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق ترقیاتی پروگرام کے لیے 520 ارب روپے صوبائی وسائل سے مختص کیے گئے ہیں، جب کہ وفاقی ترقیاتی گرانٹس کی مد میں 76 ارب روپے اور غیر ملکی منصوبہ جاتی امداد سے 366 ارب روپے حاصل ہونے کی توقع ہے۔ ان رقوم کو شامل کر کے مجموعی ترقیاتی بجٹ کا حجم 1018 ارب روپے تک پہنچے گا۔

ترقیاتی بجٹ میں 3856 اسکیمیں شامل کی گئی ہیں جن میں 566 نئی اسکیمیں ہیں۔ جاری اسکیموں کے لیے 331.32 ارب اور نئی اسکیموں کے لیے 188.68 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ضلعی ترقیاتی پروگرام کے لیے 55 ارب روپے،ایم این ایز اور ایم پی ایز کے ترقیاتی فنڈز کے لیے 45 ارب روپے مختص کیے گئے نیز ہر ضلع کے لیے علیحدہ ترقیاتی فنڈز بھی دیے جائیں گے

تعلیم اور صحت کو بجٹ میں خاص اہمیت دی گئی ہے۔تعلیم کا ترقیاتی بجٹ 32 ارب سے بڑھا کر 38.20 ارب روپے، اسکول ایجوکیشن کے لیے 17.82 ارب،کالج ایجوکیشن کے لیے 7.10 ارب،یونیورسٹی و بورڈز کے لیے 7.24 ارب،تکنیکی تعلیم کے لیے 1.62 ارب اورصحت کے لیے 21.31 ارب مختص کیے گئے ہیں۔

بجٹ میں پہلی بار سندھ کے 34 ہزار اسکولوں کے ہیڈ ماسٹرز کو براہ راست مالیاتی اختیارات دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ہر اسکول کو 3 سے 10 لاکھ روپے کے درمیان فنڈز دیے جائیں گے۔مجموعی طور پر اسکولوں کے لیے 18 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں

بجٹ میں زراعت کے لیے 7.53 ارب، زکوٰۃ و عشرکے لیے 62 کروڑ 7 لاکھ، جنگلات کےلیے 2.21 ارب،توانائی کے لیے 2.29 ارب اور ماحولیات کےلیے1.82 کروڑ مختص کیے گئے ہیں، اسی طرح انسانی حقوق کے لیے 12 کروڑ 40 لاکھ، بلدیات کے لیے 78.08 ارب،ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کےلیے 12 کروڑ مختص کیے گئے ہیں۔

بجٹ میں سندھ سیف سٹی پراجیکٹ کےلیے2.36 ارب،فارنزک لیب کی تعمیرکےلیے 2.33 ارب، اسکول و اسپتالوں کی سولرائزیشن کے لیے1 ارب، نئی بسوں کی خریداری کےلیے 1.84 ارب مختص کیے گئے ہیں۔

بجٹ تقریر کے دوران وزیراعلیٰ سندھ معاشی ترقی، تعلیم، صحت، بلدیات، سڑکوں، زراعت اور ٹرانسپورٹ جیسے شعبوں پر حکومتی منصوبوں کا تفصیلی خاکہ پیش کریں گے۔

Read Comments