Aaj Logo

شائع 11 جون 2025 02:12pm

حافظ آباد زیادتی کیس: ملزم کے انکاؤنٹر میں مارے جانے کا خدشہ، بھائی نے درخواست دائر کردی

حافظ آباد میں خاتون کو شوہر کے سامنے مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنانے کے کیس میں نیا موڑ، ایک ملزم کے بھائی نے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔

درخواست گزار محمد اعظم نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ اس کے بھائی اکرام کو پولیس نے خاتون سے زیادتی کے الزام میں گرفتار کیا ہے، تاہم اسے جعلی پولیس مقابلے میں مارنے کا خدشہ ہے۔

درخواست میں انسپکٹر جنرل پولیس سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے اور عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ پولیس کو حکم دیا جائے کہ وہ ملزم اکرام کو عدالت میں پیش کرے اور اس کی ممکنہ ماورائے عدالت ہلاکت کو روکا جائے۔

حافظ آباد: خاتون سے اجتماعی زیادتی کا ایک اور ملزم مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک

درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ اس سے قبل اسی کیس میں ملوث تین ملزمان، خاور منصب، خاور فیاض اور لئیق کو پولیس مقابلے میں مارا جا چکا ہے، جس سے خدشہ ہے کہ اکرام کو مارا جا سکتا ہے۔

لاہور ہائیکورٹ نے درخواست کو ابتدائی سماعت کے لیے منظور کر لیا ہے جس پر مزید کارروائی آئندہ سماعت پر متوقع ہے۔

Read Comments