کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر تین بچوں کے باپ موٹرسائیکل مکینک کو ڈاکوؤں نے گولیاں مار کر قتل کردیا۔ رواں سال ڈکیتی مزاحمت پر ہلاکتوں کی تعداد اڑتالیس ہوگئی۔
کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر ایک اور قیمتی جان چلی گئی۔ نارتھ کراچی سیکٹر 5-ایل میں تین بچوں کے باپ اور موٹرسائیکل مکینک ناصر کو ڈاکوؤں نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق ناصر دکان بند کرکے گھر جا رہا تھا کہ ملزمان نے اس کا موبائل فون چھین لیا، اور جب ناصر نے پیچھا کرنے کی کوشش کی تو ڈاکوؤں نے اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
مقتول کے اہل خانہ نے انصاف کی اپیل کرتے ہوئے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور تفتیش جاری ہے۔
رواں برس کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر قتل کے واقعات کی تعداد 48 تک پہنچ چکی ہے، جو شہر میں بڑھتے ہوئے جرائم پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ناکامی کا واضح ثبوت ہے۔
اورنگی میں فائرنگ
اورنگی میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس میں ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا۔
ریسکیو کے مطابق جاں بحق شخص کی شناخت 28 سالہ فہیم کے نام سے ہوئی جبکہ 21 سالہ انس کو زخمی حالت میں عباسی اسپتال منتقل کیا گیا۔