Aaj Logo

اپ ڈیٹ 11 جون 2025 12:01am

بنیادی اصلاحات کے بغیر بجٹ نمائشی ہے، اسد عمر، مفتاح اسماعیل کی تنقید

آج نیوز کے پروگرام ”نیوز انسائیٹ وِد عامر ضیا“ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی، سابق وزرائے خزانہ اسد عمر اور مفتاح اسماعیل نے وفاقی بجٹ پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ ماہرین معیشت نے کہا کہ بجٹ میں عام آدمی کو کوئی ریلیف نہیں دیا گیا، معیشت کی سمت ابہام کا شکار ہے، اور حکومت نے ٹیکس کے ذریعے متوسط طبقے پر مزید بوجھ ڈال دیا ہے۔

سابق وزیر خزانہ اسد عمر کی گفتگو

سابق وزیر خزانہ اسد عمر نے آج نیوز کے پروگرام نیوز انسائیٹ وِد عامر ضیا میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معیشت کا بنیادی ڈھانچہ ہی درست نہیں ہے، ہم وہ اشیا نہیں بنا رہے جو اکیسویں صدی کی مانگ ہے۔

اسد عمر نے کہا کہ سارے منصوبے پچاس سال سے پاکستان کر رہا ہے، ڈیجیٹل کے لیے نیا کچھ نہیں۔ جائداد کالے دھن کو چھپانے کا سب سے بڑا ذریعہ ہے، بڑی صنعتیں پیچھے جا رہی ہیں۔

سابق وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ اگلے سال ٹیکس آمدن ہدف حقیقی نہیں، پیٹرولیم لیوی اور دیگر میں اضافہ ہوگا۔

سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی گفتگو

سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے بھی آج نیوز کے پروگرام نیوز انسائیٹ وِد عامر ضیا میں گفتگو کی، انھوں نے کہا کہ عوام کی مشکلات آسان نہیں ہوں گی اور بڑھیں گی۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ساڑھے تین سال میں بجٹ کی سمت نہیں بدلی، حکومت پتلی گردن والے پر ٹیکس لگاتی ہے۔

سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ گھر میں خواتین جو اپنا روزگار چلا رہی ہیں ان پر بھی ای کامرس کے نام پر ٹیکس لگا رہے ہیں۔ ترقیاتی بجٹ میں ایم این ایز اور ایم پی ایز کے لیے بجٹ رکھے ہوتے ہیں۔

سابق چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کی گفتگو

آج نیوز کے پروگرام نیوز انسائیٹ وِد عامر ضیا میں وفاقی بجٹ پر گفتگو کرتے ہوئے سابق چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے کہا کہ مجموعی طور پر بجٹ میں کچھ ریلیف نہیں دیا گیاہمیں دیکھنا یہ ہے کہ گزرے سال میں کیا ہوا جس سے ترقی ہوئی یا عام آدمی کی زندگی بہتر ہوئی۔

شبر زیدی نے اپنی گفتگو میں کہا کہ الفاظ کی ہیرا پھیری ہے، زراعت نیچے چلی گئی ہے، لارج اسکیل مینوفیکچرنگ بھی نیچے گئی ہے۔

سابق چیئرمین ایف بی آر نے تنیقد کرتے ہوئے مزید کہا کہ کیا کچھ کام خود بھی کیا یا سب آئی ایم ایف کی سپورٹ سے ہے؟

Read Comments