کراچی ابراہیم حیدری میں المناک واقعہ پیش آیا ہے، پانی کے ٹینک میں گیس بھرنے سے چار افراد جاں بحق ہوگئے۔ ٹینک میں مبینہ طور پر گٹر کا پانی بھر گیا تھا، صفائی کے دوران زہریلی گیس کے باعث چاروں افراد کی موت ہوئی۔
کراچی کے علاقے ابراہیم حیدری میں گھر میں ٹینک کی صفائی کے دوران مبینہ طور پر زہریلی گیس کے اخراج کے باعث دم گھٹنے سے چار افراد جاں بحق اور ایک کی حالت غیر ہوگئی۔ جاں بحق ہونے والوں میں دو بھائی شامل تھے۔
واقعے میں تین محلے دار دونوں بھائیوں کو بچانے کے لیے زیر زمین پانی کے ٹینک میں اترے لیکن دو محلے دار بھی جان سے گئے، ایک کی حالت غیر ہوئی۔
عینی شاہد محمد علیم نے بتایا کہ ریحان اور سبحان کے گھر ٹینک کی صفائی کے دوران مدد طلب کی گئی محلے دار سنیل اور شہزاد بھی گئے لیکن ان کی بھی حالت غیر ہوگئی۔
واقعے میں جاں بحق ہونے والے شہزاد کے والد نے کہا یہ تو گھر پر تھا شور شرابہ سن کر لوگوں کو بچانے گیا تھا۔
غم سے نڈھال لواحقین اچانک بھائی کی موت پر افسردہ دکھائی دیے، ایک کی حالت غیر ہونے والے شخص کو طبی امداد فراہم کرنے کے بعد گھر روانہ کردیا۔