Aaj Logo

شائع 10 جون 2025 07:30pm

اسرائیل نے غزہ تک امداد لیجانے کی کوشش کرنے والی گریٹا تھنبرگ کو وطن واپس بھیج دیا

اسرائیل نے انسانی حقوق کی علمبردار گریٹا تھنبرگ کو گرفتاری کے بعد زبردستی طیارے میں بٹھا کر سویڈن واپس بھیج دیا۔ انہیں غزہ کے لیے امداد لیجانے والے فریڈم فلوٹیلا سے گیارہ ساتھیوں سمیت گرفتار کیا گیا تھا۔

فلوٹیلا کے دیگر ارکان اب بھی اسرائیلی قید میں ہیں جنہیں بے دخلی کے لیے اسرائیلی عدالت میں پیش کیا جائےگا، اقوام متحدہ نے امدادی کشتی پر قبضے کو عالمی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا۔

واضح رہے کہ غزہ کے متاثرین کے لیے امداد لے جانے والی کشتی میڈلین کو دو روز قبل بین الاقوامی پانیوں میں اسرائیلی فورسز نے روک لیا تھا اور کشتی پر سوار افراد کو حراست میں لے لیا تھا۔

میڈلین میں 12 افراد سوار تھے جن میں فرانسیسی، جرمن، برازیلین ، ترکیے، ہسپانوی اور ڈچ کارکن شامل تھے۔

حماس نے بھی کہا کہ فریڈم فلوٹیلا پر اسرائیلی حملہ منظم دہشت گردی ہے۔۔ دوسری جانب فریڈم فلوٹیلا پر حملے کے خلاف لندن میں مظاہرہ کیا گیا۔

نوبل ایوارڈ یافتہ ملالہ یوسفزئی نے بھی فلوٹیلا کے تمام کارکنان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا، کہا غزہ میں دن کو بچوں کو بھوکا رکھنا اور رات کو ان پر بمباری کرنا اسرائیل کا دہرا ظلم ہے۔

Read Comments