Aaj Logo

اپ ڈیٹ 09 جون 2025 03:02pm

پنجاب، بالائی اور وسطی سندھ میں پارہ 42 ڈگری سے تجاوز کر گیا

ملک کے مختلف علاقے شدید ہیٹ ویو کی لپیٹ میں آ گئے ہیں۔ پنجاب، بالائی اور وسطی سندھ میں درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر چکا ہے، جب کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے میدانی علاقے بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔

محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور شدید گرم رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کی بارہ جون تک گرمی کی شدت میں اضافے کی پیشگوئی ہے۔ پنجاب اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں درجہ حرارت معمول سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہونے کی توقع ہے۔

شدید گرمی کے پیشِ نظر محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کر دیا ہے، جس میں خاص طور پر بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کو احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق موجودہ ہیٹ ویو کا سلسلہ آئندہ چند روز تک جاری رہ سکتا ہے۔

محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ کو بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے اقدامات کی ہدایت جاری کی گئی ہے، جب کہ اسپتالوں میں ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کے خصوصی یونٹس قائم کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

گزشتہ روز سب زیادہ سے درجہ حرارت جیکب آباد میں پچاس ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ دادو اور سبی میں انچاس ڈگری ۔۔ نوابشاہ، بہاولنگر اور رحیم یارخان میں پارہ سینتالیس ڈگری تک پہنچا۔ڈی آئی خان اور سکھر میں چھیالس ڈگری گرمی ریکارڈ کی گئی۔

Read Comments