Aaj Logo

شائع 08 جون 2025 06:26pm

کیا بجلی کے 2 میٹر لگانا جرم ہے، پابندی کی خبروں پر پاورڈویژن کی وضاحت سامنے آگئی

ایک ہی گھر میں بجلی کے ایک سے زائد میٹر لگانے پر پابندی سے متعلق خبروں پر وزارت پاورڈویژن کی وضاحت سامنے آگئی، جس میں بجلی کے 2 میٹر لگانے پر پابندی کی خبریں جعلی قرار دے دی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق پاور ڈویژن نے بجلی کے 2 میٹر لگانے پر پابندی سے متعلق زیر گردش خبر پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

ترجمان پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ بجلی کے 2 میٹر لگانے پر پابندی کی خبر سراسر جھوٹی اور گمراہ کن ہے، ایسی جھوٹی خبر عوام میں بے چینی پھیلانے کی مذموم کوشش ہے۔

پاور ڈویژن کے ترجمان نے مزید کہا کہ ایسی جھوٹی خبریں پھیلانا اور شیئر کرنا پیکا ایکٹ کے تحت قابلِ سزا جرم ہے، رہائشی جگہ پر دوسرا بجلی کا میٹر آج بھی مروجہ قوانین کے تحت حاصل کیا جا سکتا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ ایسی رہائشی جگہ جو علیحدہ پورشن، سرکٹ، داخلی راستہ، علیحدہ کچن پر مشتمل ہو وہاں علیحدہ میٹر کی تنصیب کی اجازت ہے۔

ترجمان پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ بجلی کے ناجائز استعمال، سبسڈی کے غلط فائدے کو روکنے کے لیے قانون پہلے بھی موجود تھا اور اب بھی مکمل طور پر نافذ العمل ہے، بجلی کے میٹرز کے درست اور شفاف استعمال میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں سے تعاون کریں۔

Read Comments