وزیراعظم شہباز شریف نے عمان کے سلطان عزت مآب ھیثم بن طارق اور قازقستان کے صدر قاسم جومارٹ توکائیف کو ٹیلی فونک کیا، جس میں انہوں نے دونوں رہنماؤں کو عیدالضحیٰ کی مبارکباد دی، ٹیلی فونک رابطے کے دوران دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا اور حالیہ پاک بھارت بحران پربھی بات چیت کی گئی۔
وزیر اعطم آفس سے جاری بیان کے مطابق عید الاضحیٰ کے پرمسرت موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آج سلطنت عمان کے سلطان عزت مآب ھیثم بن طارق سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور انہوں نے سلطان ھیثم اور عمان کے برادر عوام کو عید کی مبارکباد پیش کی۔
دونوں رہنماؤں نے امت مسلمہ کے درمیان اتحاد اور ہم آہنگی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے غزہ کے عوام کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔
وزیراعظم نے پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ بحران کے دوران عمان کے مؤقف پر سلطان کا شکریہ ادا کیا اور کشیدگی میں کمی اور مذاکرات کے لیے ان کی حمایت کو سراہا۔
پاکستان اور عمان کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے سلطنت عمان کے ساتھ تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیر اعظم نے عمان کے سلطان کو پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کے لیے اپنی دعوت کا اعادہ کیا۔ عزت مآب سلطان ہیثم نے دعوت قبول کرتے ہوئے وزیراعظم کو بھی عمان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت دی۔
دونوں دورے باہمی طور پر سفارتی ذرائع سے مناسب تاریخوں پر ہوں گے۔
جس میں انہوں نے صدر قازقستان کو عیدالضحیٰ کی مبارکباد دی، دونوں رہنمائوں کا دوطرفہ تعلقات میں اطمینان کا اظہار،،حالیہ پاک بھارت بحران پربھی بات چیت کی گئی
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف اور قازقستان کے صدر قاسم جومارٹ توکائیف کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔
ٹیلی فونگ گفتگو میں وزیر اعظم نے جمہوریہ قازقستان کے صدر قاسم جومارٹ توکائیف اور قازقستان کے عوام کو عید الاضحی’ کی مبارکباد پیش کی۔
دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کی موجودہ صورتحال کے علاوہ آنے والی مصروفیات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
دوطرفہ تعلقات میں مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو اپنی مکمل صلاحیت کے مطابق وسیع کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ٹیلی فونک رابطے کے دوران حالیہ پاک بھارت بحران پر بھی گفتگو ہوئی جبکہ وزیراعظم نے قازقستان کے صدر کو خطے میں امن واستحکام برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کی کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ وہ اس سال کے آخر میں قازقستان صدر کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں، جس کے دوران کئی مفاہمتی یاداشتوں اور معاہدوں پر دستخط متوقع ہیں۔
قازقستان کے صدر نے عید کی مبارکباد پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا جبکہ انہوں نے کہا کہ وہ اس سال کے آخر میں پاکستان کا دورہ کریں گے لیکن ان کے دورے سے پہلے آئندہ ماہ کے اوائل میں قازقستان کے وزیرخارجہ بھی پاکستان کا دورہ کریں گے۔
دونوں رہنماؤں کی آئندہ ای سی او اور ایس سی او سربراہی اجلاس کے دوران ملاقات بھی متوقع ہے۔