Aaj Logo

اپ ڈیٹ 07 جون 2025 08:09pm

میئر کراچی کا شہر بھر میں آلائشیں ٹھکانے لگانے کے مختلف ڈمپنگ پوائنٹس کا دورہ

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے شہر میں آلائشیں ٹھکانے لگانے کے حوالے سے مختلف ڈمپنگ پوائنٹس کا دورہ کیا اور آپریشن کی نگرانی کی۔ اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ آج پورا دن فیلڈ میں گزرا اور شہر بھر سے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی ٹیموں نے آلائشیں اٹھانے کا کام جاری رکھا۔

میئر کراچی نے کہا کہ برنس روڈ، کیماڑی، چاکیواڑہ سمیت شہر کے تمام اضلاع کا خود دورہ کیا ہے اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے ساتھ رابطے میں رہا ہوں۔ جہانگیر روڈ کے علاقے میں گندگی دیکھ کر ذمہ داروں کو شوکاز نوٹس بھی جاری کیا گیا۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ 11 ہزار 8 سو ٹن آلائشیں لینڈ فل سائٹ پر زمین میں دفن کر دی گئی ہیں اور یہ آپریشن رات گئے تک جاری رہے گا تاکہ شہر کی صفائی کو بہتر بنایا جا سکے۔

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے درخواست کی ہے کہ کراچی کو صاف رکھنے میں شہری انتظامیہ کا ساتھ دیں۔ واضح رہے کہ ملک بھر میں آج ہفتے کو عید الاضحیٰ روایتی جوش و خروش کے ساتھ منائی جا رہی ہے، شہری ملک بھر میں نماز عید کے بعد سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے جانور قربان کر رہے ہیں۔

آلائشیں اٹھانے کی سروس کے کوئی چارجز نہیں، میئر کراچی

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ کراچی کے تمام ٹاؤنز میں آلائشیں اٹھانے کے لیے پوائنٹس بنائے گئے ہیں، جہاں سے عملہ شہریوں کے گھروں سے آلائشیں جمع کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ کوشش ہے شہر کے کسی بھی شہری کو کویٔی مشکل پیش نہ آئے اور آلائشیں اٹھانے کی یہ سروس مکمل طور پر بلا معاوضہ ہے۔ شہری اپنی شکایات ہیلپ لائن 1128 پر درج کرا سکتے ہیں تاکہ فوری کارروائی کی جاسکے۔

مرتضیٰ وہاب نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گورنرسندھ کا مکمل حق ہے کہ وہ عوام کے لیے کام کریں اور بار بار پیشکش کی کہ کراچی کے لیے سب مل کر کام کریں۔ انہوں نے کہا اگر کچھ اچھا ہوا تو دوسرے بھی کریں، برا ہوا تو پیپلز پارٹی نے کیا ہے۔ انہوں نے عید کے دن منفی سیاست سے گریز کرنے کی بھی اپیل کی اور کہا کہ عید کا دن ہے، منفی سیاست پر مٹی ڈال دینی چاہیے۔

مرتضیٰ وہاب نے ایم کیو ایم کے رہنماؤں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان دوستوں نے خود آئین نہیں پڑھا، اور جو لوگ عوام سے تعلیم چھین رہے ہیں وہ بھی آئین سے نابلد ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ میئر کا دفتر سیاسی پریس کانفرنس کے لیے نہیں بلکہ عوام کے کام کرنے کے لیے ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ شہر کی سہولیات کو بہتر بنانے اور عوام کی دہلیز تک پانی پہنچانے کے لیے کوشاں ہیں۔

Read Comments