وزیراعظم شہباز شریف کے سیاسی مشیر رانا ثناء اللہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو قومی ایشوز پر مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے مسائل کے حل کے لیے مل بیٹھنے کی آفر کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ تمام سیاسی قوتیں مل کر ملک کو معاشی مشکلات سے نکالنے کے لیے کردار ادا کریں۔
فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی اس وقت کسی تحریک چلانے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔ اگر ان کے ذہن میں کوئی غلط فہمی ہے تو اسے دور کر لینا چاہیے، کیونکہ قومی مفاد، سیاسی ضد سے کہیں بالاتر ہے۔
علی امین گنڈا پور نے ملاقات کے دوران عمران خان کو بجٹ سے متعلق اعتماد میں لیا
بھارت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر وزیراعظم نے کہا کہ مئی میں بھارت نے پاکستان کو کمزور سمجھ کر بلاجواز حملے کی کوشش کی، لیکن پاک فوج نے بروقت اور بھرپور جواب دے کر دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاک افواج نے ایسا دندان شکن جواب دیا کہ بھارت عالمی سطح پر ذلیل و رسوا ہو گیا، اور مودی، جو پاکستان کو ایک ذیلی ریاست سمجھتا تھا، اب منہ چھپاتا پھر رہا ہے۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ آج پاکستان عالمی سطح پر ایک ذمہ دار، باوقار اور مضبوط ریاست کے طور پر پہچانا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا اس حقیقت کو تسلیم کرتی ہے کہ پاکستان نہ صرف اپنے مفادات کا دفاع کرنا جانتا ہے بلکہ ایک پرامن اور ذمہ دار ملک کے طور پر اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم سیسہ پلائی دیوار بن کر ہر جارحیت کے سامنے کھڑی ہوتی ہے اور یہی قومی اتحاد پاکستان کی اصل طاقت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ سیاسی قیادت کو مل کر آگے بڑھنا ہوگا تاکہ ملک کو معاشی خوشحالی، قومی خودمختاری اور عوامی فلاح کی جانب گامزن رکھا جا سکے۔
ٹرمپ بھارت کو جامع مذاکرات کی میز پر لانے میں کردار ادا کریں، بلاول بھٹو
رانا ثناء اللہ نے ایک بار پھر پی ٹی آئی قیادت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ذاتی مفادات اور انا سے بالاتر ہو کر ملک کے وسیع تر مفاد میں مذاکرات کی میز پر آئیں، کیونکہ پاکستان نے اب آگے بڑھنا ہے اور اسے کوئی روک نہیں سکتا۔