کراچی کے علاقے گلشن معمار میں مبینہ پولیس مقابلے میں دو ڈاکو ہلاک ہوگئے۔ منگھو پیر اور پیرآباد میں بھی پولیس کے ٹارگٹڈ آپریشن میں منشیات کے اڈے مسمار، متعدد افراد گرفتار کر لیے گئے۔ دوسری طرف ملیر کینٹ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اغوا برائے تاوان میں ملوث پانچ پولیس اہلکاروں کو گرفتار کر لیا۔
گلشنِ معمار کےقریب شہری سے لوٹ مار کے بعد فرار ہوتے ہوئے ڈاکوؤں اور ایس ایس یو کمانڈوز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ ایس ایس یو حکام کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں 2 ڈاکو ہلاک ہوگئے، جن کے قبضے سے موٹرسائیکل، اسلحہ اور گولیاں برآمد کی گئی ہیں۔ ڈاکوؤں کی لاشوں کو قانونی کارروائی کےلیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
سندھ رینجرز نے اورنگی ٹاؤن، بنارس سے اسنیپ چیکنگ کے دوران 2 ملزمان سعید اللہ اور عبیداللہ کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق ملزمان سوزوکی گاڑیوں میں نان کسٹم پیڈ آتش بازی کا سامان، سگریٹ اور کپڑا بلوچستان سے کراچی لائے تھے، جس کی مالیت تقریباً 50 لاکھ روپے ہے۔
ادھر رینجرز نے نیوکراچی میں پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے انتہائی مطلوب ٹارگٹ کلر، بھتہ خور اور ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث ملزم محمد دانش عرف کالا عرف لاڑا کو بھی گرفتار کیا۔ ملزم کے قبضے سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد ہوا ہے۔
ترجمان سندھ رینجرز کےمطابق ملزم 2013 میں نیوکراچی میں ایک سیاسی جماعت کے ورکر کے قتل، اکتوبر 2023 میں حیدرآباد میں محمد حنیف کے قتل اور یکم مارچ 2022 کوسرجانی ٹاؤن سے اپنے ساتھی کے ساتھ مل کر سلمان نامی شخص کو اغوا کر کے قتل کرنے میں ملوث ہے۔
ترجمان کے مطابق ملزم کراچی اور اسلام آباد میں ڈکیتی کی وارداتوں اور نیو کراچی میں کاروباری افراد سے بھتہ وصولی میں بھی ملوث رہا ہے۔ ملزم پہلے بھی کئی بار گرفتار ہوکرجیل جا چکا ہے اور کراچی و حیدرآباد پولیس کو مختلف کیسز میں مطلوب تھا۔ گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کےلیے متعلقہ پولیس کےحوالے کر دیا گیا ہے۔
سعید آباد کےعلاقے میں ڈکیتی کے دوران دکاندار کی فائرنگ سے 2 ڈاکو زخمی ہو گئے، جنہیں پولیس نے گرفتار کر کے سول اسپتال منتقل کردیا۔
سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق شلوار قمیض میں ملبوس ملزمان نےدکان میں داخل ہوکرلوٹ مار شروع کی اور فرار ہونے کی کوشش کے دوران دکاندار نے ان پر فائرنگ کر دی۔
شہری بازیاب، پولیس کے پانچ اہلکار گرفتار
ایک اور کارروائی میں ملیر پولیس نے خواجہ اجمیر نگری میں اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل کے دفتر پر چھاپہ مارکر تاوان کے لیے مبینہ اغوا کیےگئے شہری علی کو بازیاب کرالیا۔
پولیس نے پانچ افسران و ملازمین کو گرفتار کرلیا جن میں ڈی آئی او اجمیری نگری، سچل اے وی ایل سے کے دو سپاہی اور ایک پرائیویٹ شخص شامل ہیں۔مغوی کو تین روز سےتھانے کی چھت پر رکھا گیا تھا۔
ایس ایس پی اے وی ایل سی امجد شیخ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سب انسپکٹر راشد اور دو اہلکاروں کو معطل کردیا۔ دیگر کو شوکاز نوٹسزز جاری کر دیے۔ جبکہ ڈی ایس پی ایڈمن واقعے کی تحقیقات کریں گے۔
نیوکراچی خمیسہ گوٹھ میں پولیس نے ٹارگٹڈ آپریشن کیا، جس کے دوران مبینہ فائرنگ کے تبادلے کے بعد 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق دو ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارےجا رہے ہیں۔
گرفتار ملزمان سے اسلحہ اور منشیات برآمد ہوئی ہے جبکہ ان کا کریمنل ریکارڈ بھی موجود ہے۔تمام ملزمان کےخلاف مقدمہ درج کرکےمزید تفتیش جاری ہے۔
شاہ لطیف ٹاؤن، شیدی گوٹھ میں پیش آنے والے ٹریفک حادثے میں ہلاک ہونے والے دو افراد کے حوالے سے صورتحال تاحال واضح نہیں ہوئی۔ قریب موجود چوکیدار نے ہلاک افراد کو ڈاکو قرار دیا ہے اور پولیس کو بتایا ہے کہ دونوں افراد ٹینکر ڈرائیور کو روکنے کی کوشش کررہے تھے، جسے ٹینکر ڈرائیور نےکچل دیا۔
چوکیدار کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہلاک افراد کے پاس اسلحہ تھا جو کوئی اٹھا کرلے گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ہلاک افراد سے تاحال کوئی اسلحہ برآمد نہیں ہوسکا ہے، پولیس ہلاک افراد کا کرمنل ریکارڈ چیک کر رہی ہے۔
سائٹ ایریا بس اسٹاپ کے قریب پولیس مقابلے اہلکار زخمی
سائٹ ایریا ڈی ون بس اسٹاپ کے قریب پولیس مقابلے کے دوران اہلکار زخمی ہو گیا۔ ایس ایس پی فیضان علی کا کہنا ہے کہ ملزمان شہریوں سے لوٹ مار کر رہے تھے، واردات کے دوران پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس اورملزمان میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
ایس ایس پی کیماڑی کے مطابق پولیس کی فائرنگ سے ملزم کو بھی گولیاں لگی ہیں، ملزم کی خون آلود چپلیں ملی ہیں، ملزم کی تلاش جاری ہے، پولیس کے جوان کو پیٹ میں گولی لگی ہے۔ زخمی اہلکار شیراز کو عباسی سے آغا خان منتقل کر دیا گیا۔