سعودی عرب اور خلیجی ریاستوں سمیت کئی ممالک میں عیدالاضحٰی آج مذہبی جوش وخروش سے منائی جا رہی ہے۔
سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور دیگر خلیجی ریاستوں میں آج عیدالاضحٰی منائی جا رہی ہے۔ مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں نمازعید کے بڑے اجتماعات میں پاکستانیوں سمیت لاکھوں مسلمانوں نے شرکت کی۔
اسلام کی سربلندی اور امت مسلمہ کی سلامتی اور ترقی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔۔ مقبوضہ بیت المقدس میں نمازعید کے اجتماع میں ہزاروں فلسطینیوں نے شرکت کی۔ امت مسلمہ کے اتحاد اور فلسطین کی آزادی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
حجاج کرام نے سنت ابراہیمی کی ادائیگی کے لیے طلوع آفتاب کے بعد جمرہ عقبہ پر رمی کی۔ پھر جانور قربان کرنے کے بعد حلق کرایا۔ احرام اتار کر عام کپڑے پہن لیے۔
پندرہ لاکھ سے زائد حجاج نے مزدلفہ میں رات کھلے آسمان تلے گزاری۔ رمی جمرات کے لیے کنکریاں جمع کیں اور نماز فجر کے بعد بڑے شیطان کو سات کنکریاں ماریں۔
طواف زیارت کے بعد حجاج کرام گیارہ اور بارہ ذوالحج کو منی میں قیام کریں گے۔ صبح جمرات میں چھوٹے شیطان کو کنکریاں ماری جائیں گی۔ وطن روانگی سے قبل طواف وداع کریں گے۔
دوسری جانب پاکستان میں بسنے والی بوہری برادری آج مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ عیدالاضحیٰ منا رہی ہے۔
کراچی میں واقع بوہری برادری کی مساجد میں نماز عید کے اجتماعات منعقد ہوئے، جن میں بڑی تعداد میں مرد، خواتین اور بچے شریک ہوئے۔
نماز کے بعد سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے بوہری برادری کی جانب سے قربانی کی گئی۔
دیگر ممالک ابوظبی، دبئی، شارجہ اور دیگر اماراتی ریاستوں میں بھی نمازعید کے اجتماعات ہوئے۔ ترکیہ، شام، اردن، قطر، کویت،عراق اور عمان میں بھی عیدالاضحیٰ منائی جا رہی ہے۔
انڈونیشیا اور برونائی میں بھی مذہبی جوش وخروش سے عیدالاضحی منائی جا رہی ہے، اس کے علاوہ آسٹریلیا، برطانیہ یونان، یورپی ممالک، امریکا اور کینیڈا کے مختلف شہروں میں بھی بعض مقامات پرعیدالاضحیٰ منائی جا رہی ہے۔