Aaj Logo

شائع 05 جون 2025 08:34pm

علی امین گنڈا پور نے ملاقات کے دوران عمران خان کو بجٹ سے متعلق اعتماد میں لیا

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ پارٹی کے لیڈر کو ناحق جیل میں رکھنا زیادتی ہے، ہمیں ان کے ساتھ بیٹھ کر بات کرنے کی اجازت نہیں دی جارہی، 26 ویں ترمیم کے بعد عدلیہ سے کوئی امید نہیں، عدلیہ آزاد ہو تو آزاد فیصلے ہوں گے، اسلام کے نام پر بننے والے ملک میں انصاف کہیں نظر نہیں آرہا، بشریٰ بی بی کو 14ماہ سے نظر بند کر کے رکھا گیا ہے۔

وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان سے اڈیالہ جیل راولپنڈی میں ملاقات کی، یہ ملاقات ڈھائی گھنٹے تک جاری رہی۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال سمیت صوبے کے بجٹ بارے مشاورت کی گئی جبکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو بجٹ سے متعلق اعتماد میں لیا۔

سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ پارٹی کا لیڈر عمران خان ناحق جیل میں ہے جو زیادتی ہے، ہمیں ان کے ساتھ بیٹھ کر بات کرنے کی اجازت نہیں دی جا رہی، عمران خان نے ہمیشہ کہا کہ فنڈز کو ہیومن ڈویلثپر لگایا جائے، ہیومن ڈویلپمنٹ پر کام کرنا ہے، لوگوں کو اوپر لانا ہے۔

علی امین گنڈا پور نے کہا کہ پسماندہ علاقوں کو برابری کی سطح پرکھڑا کرنا ہے، ہم ڈائریکٹ فنڈز نہیں دیں گے، ہم ولیمز دیں گے اس کے لیے کمیٹی بنائیں گے، وہ کمیٹی ایویلوایٹ کرے گی کہ اس اسکیم کی کتنی ضرورت ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ افسوناک بات ہے احتجاج کرکے آج پیشی لگوائی گئی، پراسیکیوٹر کہتا ہے کہ رات کو پتہ لگ کہ سماعت ہے، 26 ویں ترمیم کے بعد عدلیہ آزاد نہیں، عدلیہ سے کوئی امید نہیں، آزاد عدلیہ آزاد ہو تو آزاد فیصلے ہوں گے، قانون کی حکمرانی ہو گی، اسلام کے نام پر بننے والے ملک میں انصاف کہیں نظر نہیں آرہا، بشری بی بی کو 14ماہ سے نظر بند کرکے رکھا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں نظر نہیں آرہا عمران خان رہا ہوں گے، ہم احتجاج کا حق رکھتے ہیں، ہم نے تحریک کی جانب جانا ہے، تحریک سڑکوں پر کرنی ہے، قوم جاگ جائے، اب قوم جاگ گئی، غلامی برداشت نہیں کریں گے، وقتا فوقتاً احتجاج کیا تو آخر میں ہمیں گولیاں مارنا شروع کردی گئیں، ہم ڈٹے ہوئے ہیں۔

علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ہم بھرپور کوشش کریں گے اور تیزی سے کریں گے، ملک پر قابض لوگوں کے فیصلوں سے پاکستان تباہ ہورہا ہے، سیاسی انتقام ہوتے رہے ہوں گے لیکن خواتین کے ساتھ ایسا کبھی نہیں ہوا، ہمارا بجٹ عوامی اور ٹیکس فری ہو گا، این ایف سی کا اجلاس اگست میں بلایا جا رہا ہے۔

Read Comments