بنوں میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں کمسن بچیوں کے سامنے ان کی ماں کو گلا کاٹ کر قتل کر دیا گیا۔ بچیاں سڑک کے کنارے پڑی ماں کی لاش کے قریب روتی رہیں، لوگ بے حسی کے عالم میں ویڈیو بناتے رہے، مگر کوئی بچیوں کو تسلی دینے نہ آیا۔
بنوں کے علاقے غوریوالہ میں سڑک کنارے دو معصوم بچیاں بلک بلک کر رو رہی تھیں۔ ان کے پاس ان کی ماں کی گلا کٹی لاش رکھی تھی۔ لاش کے پاس خنجر اور ایک بوری پڑی تھی۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ کسی ظالم نے بچیوں کے سامنے ماں کو گلا کاٹ کر قتل کیا۔
بھیانک لمحات کی انتہا تو یہ تھی کہ سڑک سے گزرنے والوں نے بھی سانحے کہ تماشا بنا دیا، کسی نے روتی معصوم بچیوں پر دست شفقت رکھا اور نہ ہی کسی نے آنسوں پونچھے۔ لوگ بے حسی کے عالم میں ویڈیو بناتے رہے۔
سانحے کا ایک بھیانک پہلو یہ بھی تھا کہ لاش پر بچیوں کی آہ و بقا چلتی رہی، لیکن پولیس نے آنے میں روایتی تاخیر کردی۔
پولیس نے لاش کہ تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کیا، معصوم بچیوں کو بھی ہمراہ لےگئی۔ مقتولہ سیلابہ بی بی کے والد نے پولیس کو بتایا کہ لڑکی کے دیور نے قتل کیا، مقتولہ کے شوہر خوب نواز مزدوری کی غرض سے بیرون ملک مقیم ہیں۔