Aaj Logo

اپ ڈیٹ 02 جون 2025 02:16pm

فالٹ لائن متحرک ، دو دن تک کراچی میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے جائیں گے، چیف میٹرو لوجسٹ

شہر قائد میں زلزلے کے مسلسل جھٹکوں نے شہریوں میں خوف و ہراس پھیلا دیا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ساتویں مرتبہ زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے بعد شہری کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔

زلزلے کے جھٹکے ملیر، لانڈھی، شاہ لطیف، بھینس کالونی اور قائدآباد سمیت مختلف علاقوں میں محسوس کیے گئے۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق جھٹکوں کی شدت ریکٹر اسکیل پر2.4 ریکارڈ کی گئی اور گہرائی188 کلومیٹر تھی جبکہ زلزلے کا مرکز ملیر اور اطراف کے علاقے ہیں۔

کراچی میں زلزلے کے جھٹکے، شدت کتنی ریکارڈ کی گئی؟

چیف میٹرولوجسٹ امیر حیدر لغاری کا کہنا ہے کہ کراچی کے علاقے لانڈھی میں موجود فالٹ لائن گزشتہ روز سے متحرک ہو چکی ہے، جس کے باعث زلزلے کے جھٹکوں کا سلسلہ جاری ہے اور آئندہ ایک سے دو دن تک ان جھٹکوں کے محسوس کیے جانے کا امکان ہے۔

امیر حیدر لغاری کے مطابق فالٹ لائن میں انرجی جمع ہونے کی وجہ سے یہ زلزلے آ رہے ہیں، جو آہستہ آہستہ ریلیز ہو رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہری خوف و ہراس کا شکار نہ ہوں، کیونکہ زلزلے کی گہرائی کم تھی جس کی وجہ سے جھٹکے نسبتاً شدت سے محسوس کیے گئے تاہم ان کی شدت بتدریج کم ہو رہی ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ نے مزید بتایا کہ بلوچستان کے ساحلی علاقے سومیانی ایک حساس زلزلہ زون ہے، جہاں یوریشین، عربین اور انڈین ٹیکٹونک پلیٹس آپس میں ٹکرا رہی ہیں۔ یہ علاقہ 1945 کے بعد سے کسی بڑے زلزلے کا شکار نہیں ہوا، تاہم ماہرین کے مطابق اس مقام پر انرجی مسلسل جمع ہو رہی ہے اس لیے یہاں زلزلہ آنےکے امکانات ہیں۔

Read Comments