Aaj Logo

شائع 02 جون 2025 10:16pm

جماعت اسلامی کا کے الیکٹرک کیخلاف کراچی کے 11 مقامات پر احتجاج

جماعت اسلامی کی جانب سے کے الیکٹرک کے خلاف کراچی کے 11 مقامات پر احتجاج کیا گیا، منعم ظفر خان نے کے الیکٹرک کا لائسنس منسوخ کرنے کا مطالبہ کردیا۔

جماعت اسلامی کے تحت امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان کی ہدایت پر کے الیکٹرک کے خلاف لیاقت آباد اورنگی ٹاؤن، لانڈھی سمیت شہر کے 11 مقامات پر مظاہرے کیے گئے جبکہ مرکزی مظاہرہ لیاقت آباد ڈاک خانے کے مقام پر کیا گیا۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا کہ کے الیکٹرک بھاری بھرکم ٹیکس دینے والے شہر کراچی کو اجتماعی سزا دے رہی ہے اور سارے ظلم میں وفاقی اور صوبائی حکومتیں ملوث ہیں۔

امیر جماعت اسلامی کراچی نے کے الیکٹرک کا لائسنس منسوخ کرنے کا مطالبہ کردیا۔

قبل ازیں جماعت اسلامی کراچی کے امیر منعم ظفر خان کا کہنا تھا کہ احتجاج شہر کی 10 سے زائد اہم شاہراہوں پر کیا جائے گا، جہاں عوام کے ساتھ مل کر کے الیکٹرک کی برقی دہشت گردی کے خلاف آواز بلند کی جائے گی۔

منعم ظفر خان کا کہنا تھا کہ کراچی میں روزانہ 12 سے 18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے، جس سے نہ صرف گھریلو زندگی متاثر ہو رہی ہے بلکہ کاروبار، تعلیم اور صحت کا نظام بھی درہم برہم ہو چکا ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ کے الیکٹرک کا لائسنس فوری طور پر منسوخ کیا جائے اور کراچی کو نیشنل گرڈ سے براہِ راست بجلی فراہم کی جائے تاکہ شہریوں کو ریلیف مل سکے۔

جماعت اسلامی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس احتجاج میں بھرپور شرکت کریں تاکہ حکومت اور متعلقہ اداروں پر دباؤ بڑھایا جا سکے اور اس بحران کا مستقل حل نکالا جا سکے۔

Read Comments