کراچی کے پوش علاقے کلفٹن بوٹ بیسن سگنل کے قریب فائرنگ کے ایک افسوسناک واقعے میں ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ کسٹم حکام کے مطابق گاڑی میں ایرانی چھالیہ لدی تھی۔ جاں بحق نوجوان کے اہلِ خانہ نے الزام عائد کیا ہے کہ مقتول کو کسٹم اہلکاروں نے گاڑی کا تعاقب کرتے ہوئے براہ راست گولی مار کر قتل کیا۔ مقتول کے اہلخانہ نے جناح برج پر کسٹم اہلکاروں کے خلاف احتجاج کیا۔
کراچی کے علاقے کلفٹن میں بوٹ بیسن کے قریب کسٹم اہلکاروں نے مبینہ طور پر ایک کار سوار کو سر میں گولی مار دی، جس سے وہ موقع ہی پر جاں بحق ہو گیا۔
مقتول کی شناخت احسان کے نام سے ہوئی ہے جس کی لاش جناح اسپتال منتقل کر دی گئی۔ واقعہ کا مقدمہ تھانہ بوٹ بیسن میں درج کر لیا گیا۔
احسان کے اہل خانہ نے لاش نیٹی جیٹی پل پر رکھ کر احتجاج کیا، اور فائرنگ میں ملوث کسٹم اہلکاروں کے خلاف ایف آئی آر درج کروانے پر احتجاج ختم کر دیا۔
اہل خانہ کے مطابق مقتول کو کسٹم اہلکاروں نے تعاقب کے دوران گولی ماری، کسٹم اہلکاروں ے کار روکنے کا اشارہ کیا تھا، گاڑی نہ روکے جانے پر اہلکاروں نے فائرنگ کر دی۔
اہل خانہ کا کہنا ہے کہ کسٹم اہلکار مقتول کی گاڑی بھی ساتھ لے گئے، فائرنگ سے گاڑی کا ڈرائیور محفوظ رہا۔
اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتول کو سر پر ایک گولی لگی ہے، جو جان لیوا ثابت ہوئی۔
نیٹی جیٹی پل بند ہونے کے باعث اطراف میں گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔ تاہم پولیس سے مذاکرات کے بعد احتجاج ختم کرایا۔