Aaj Logo

اپ ڈیٹ 31 مئ 2025 10:17pm

ہم نوجوانوں کو مرغی یا انڈے نہیں، لیپ ٹاپ دیں گے، احسن اقبال

وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی ترقی میں نوجوانوں کا کردار کلیدی ہے، اس لیے حکومت انہیں مرغی، انڈے یا کٹہ نہیں بلکہ لیپ ٹاپ اور اعلیٰ تعلیم فراہم کرے گی۔

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف فیشن ڈیزائزنگ لاہور میں نمائش اور مختلف اسٹالز کا دورہ کیا اور نمائش کا باقاعدہ افتتاح کیا اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کو ڈیجیٹل اسکلز سے لیس کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اڑان پاکستان منصوبے میں تعلیم کو اہمیت دی گئی ہے، دنیا اب پاکستان کو انتہائی سنجیدہ طریقے سے لے رہی ہے، گزشتہ دور میں ہم کشکول لے کر پھر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ہم پہلے بھی وژن 2025 پیش کر چکے ہیں، جس میں طالبعلموں کے لیے خصوصی مواقع رکھے گئے تھے۔ ہمارا مقصد نوجوانوں کو معیاری تعلیم اور تکنیکی سہولیات مہیا کرکے ملکی معیشت میں فعال کردار ادا کرنے کے قابل بنانا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کی معاشی کارکردگی کو بین الاقوامی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف نے بھی سراہا ہے، جبکہ 10 مئی کے بعد ایک مضبوط اور توانا پاکستان کا تاثر ابھرا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کو پائیدار بنانے کے لیے ٹیکس محصولات میں اضافہ ناگزیر ہے تاکہ قومی سطح پر جاری منصوبوں کی تکمیل یقینی بنائی جا سکے۔

وفاقی وزیر نے وژن 2025 کو ایک بار پھر نوجوانوں کی ترقی کا مرکز قرار دیا اور کہا کہ ہم اپنے مستقبل کے معماروں کو جدید دور سے ہم آہنگ تعلیم اور مہارتیں فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

Read Comments